پاکستان میں موجود مختلف رنگ و نسل کے لوگ اپنی ثقافت کے دن کو جوش و خروش سے مناتے ہیں۔ اسی طرح آج سندھی کلچر ڈے منایا جا رہا ہے۔
ہماری ویب ڈاٹ کام کی اس خبر میں آپ کو سندھی ثقافت کے دن کی مناسبت سے پہنی جانے والی چیزوں سے متعلق بتائیں گے۔
اجرک:
سندھ کی سب سے بڑی اور مقبول پہچان اجرک ہے جو کہ دنیا بھر میں مشہور ہے۔ سندھ کی یہ پہچان ایک قدیم تاریخ رکھتی ہے، انڈس ویلی سیولائزیشن کے وقت میں بھی اجرک سے مماثلت رکھتی شال پائی گئی۔ جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اجرک کی تاریخ کئی سوسال پرانی ہے۔
سندھ میں اجرک کو خاص تحفے کے طور پر دیکھا جاتا ہے، یہ ثقافتی رنگ شادی بیاہ کی تقریبات میں ایک خاص تحفے کے طور پر جوڑے کو دیا جاتا ہے۔ اجرک میں لال، سفید اور کالا رنگ پایا جاتا ہے، جبکہ اجرک کا کپڑا ایسا ہے جو کہ سردیوں میں راحت بخشتا ہے۔
سندھی ٹوپی:
سندھی ٹوپی بھی اپنی مثال آپ ہے، اس ٹوپی میں جیومیٹری کے سرکل، ٹرائی اینگل سمیت مخلتف سائن کی طرح کی نقش و نگاری کی جاتی ہے۔ جبکہ اس نقش و نگاری میں شیشہ کا بھی استعمال ہوتا ہے، رنگ برنگی دھاگے اس ٹوپی کو منفرد اور آرٹ کا شاہکار بنا کر پیش کرتے ہیں۔
ثقافتی دن کی مناسبت سے سندھی ٹوپی ہر ایک شخص پہنتا ہے۔
سندھی رلی:
رلی یا سندھی رلی، سندھ میں خواتین کی جانب سے اپنے گھروں میں بنائی جاتی ہے۔ اس رلی کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں کاٹن کے ان کپڑوں کا استعمال کیا جاتا تھا جو کہ استعمال کے قابل نہیں ہوتے تھے۔ یہ رلیاں خواتین اپنے ہاتھوں سے بنایا کرتی تھیں۔
ثقافتی طور پر بنائی جانے والی رلیوں کو اب کمرشلی بھی بنایا جاتا ہے۔ مختلف رنگوں، شیپس اور آرٹ نے رلیوں کے دلکش اور منفرد انداز کو اجاگر کیا ہے۔
سندھی سفید کپڑے:
سندھ میں ثقافتی دن کی مناسبت سے سفید کپڑے پہنے جاتے ہیں، یہ کپڑے دراصل اجرک کو دیکھتے ہوئے پہنے جاتے ہیں۔ مرد حضرات اس خاص دن پر ٹوپی، سفید شلوار کمیز اور اجرک کو پہننا پسند کرتے ہیں۔
سندھی کھوسے:
موجاری، کھوسے یا سلیم شاہی، سندھ میں ان جوتوں کو ایک خاص نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ خواتین ان کھوسوں کو خاص ثقافتی دن یا خاص تقریبات میں پہننا پسند کرتی ہیں۔
پہننے میں آرام دہ، پُر سکون اور دلکش انداز کی بنا پر یہ کھوسے ہر ایک کو بھا جاتے ہیں۔
سندھی بریانی:
اس خاص دن پر سندھ سندھی بریانی کی خوشبو سے مہک جاتا ہے، سندھی بریانی سندھ میں ایک خاص مقام رکھتی ہے۔ اس بریانی میں 20 مختلف مصالحوں کا استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ مچھلی کی بریانی بھی سندھ کی ایک خاص ڈش ہے۔