ساجد خان کی دھواں دار بولنگ نے بنگلا دیشی بلّے بازوں کو دھول چٹا دی، ساجد خان نے پہلی ہی اننگز میں بنگلا دیش کے 8 بلے بازوں کو پویلین لوٹا دیا تھا جس کے بعد پاکستان کے خلاف بنگلہ دیش کی ٹیم فالوآن کا شکار ہوگئی تھی تاہم فالو آن کا شکار بنگلادیش کی ٹیم اب دوسری اننگز میں بھی لڑکھڑا گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بارش سے متاثر ہونے والا پاکستان اور بنگلا دیش کے آخری ٹیسٹ میچ کا معرکہ جاری ہے تاہم میزبان ٹیم دوسری اننگز میں بھی شروعات سے ہی مشکلات کا شکار ہے۔
فالو آن کے بعد بنگلادیش کی ٹیم نے جیسے ہی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو گزشتہ اننگز کی طرح ایک کے بعد ایک وکٹ گِرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا، میزبان ٹیم کی دوسری اننگز میں پہلی وکٹ محمود الحسن جوائے کی تھی جو 6 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
جبکہ دوسرے بلے باز شادمان اسلام صرف 2 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی بولنگ پر لڑکھڑا گئے اور پویلین لوٹنا پڑا۔
جس کے بعد بنگلا دیش کی ٹیم کا اسکور بڑی مشکل سے 19 پر ہی پہنچا تھا کہ مومن الحق حسن علی کی بال پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، مومن الحق نے ری ویو بھی لیا مگر کسی کام نہ آسکا۔
شاہین آفریدی نے بنگلادیشی بلے باز نجم الحسن شانتو کو بھی ایل بی ڈبلیو کیا، تاہم مسلسل مشکلات کا شکار ہونے والی بنگلادیشی ٹیم کو لٹن داس اور مشفق الرحیم نے کچھ سہارا دیتے ہوئے 73 رنز کی شراکت قائم کی۔
جاری میچ میں اب سے کچھ دیر قبل تک بنگلا دیش کی ٹیم 5 وکٹ کے نقصان پر 99 رنز بنا چکی ہے، بنگلادیش کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 114 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 5 وکٹیں ابھی بھی باقی ہیں۔
یاد رہے کہ ڈھاکہ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں بنگلادیش صرف 87 رن بنا کر ڈھیر ہو کر فالو آن کا شکار ہو گئی تھی، پہلی اننگز میں قومی کرکٹ ٹیم کی طرف سے ساجد خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کر کے 8 وکٹیں لی تھیں اور شاہین شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا تھا۔