پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سریز، ویسٹ انڈیز کی ٹیم کراچی پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پر ایک مرتبہ پھر اعتماد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی ٹیم ون ڈے سریز کھیلنے کے لئے پاکستان کے مرکزی شہر کراچی پہنچ گئی ہے۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم اور انتظامی عہدیدار دبئی سے کراچی ائیر پورٹ پر پہنچے جہاں ایوی ایشن انتظامیہ نے کراچی ایئرپورٹ پر ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور ٹیم کے عہدیداروں کا کورونا 19 کے پی سی آر ٹیسٹ کیلئے سیمپل لئے جس کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو سخت ترین سیکیورٹی کے ساتھ ائیرپورٹ سے ہوٹل منتقل کیا گیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق تمام کھاڑیوں اور ٹیم میں شامل دیگر افراد کو کورونا ٹیسٹ منفی آنے تک ہوٹل میں قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 13 دسمبر کی شام 6 بجے کھیلا جائے گا اور 14 دسمبر کو ٹی ٹوئنٹی کا دوسرا جبکہ 16 دسمبر کو تیسرا اورآخری میچ ہوگا۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان 18 دسمبر کو ون ڈے سریز کا پہلا میچ کھیلا جائے گا تاہم ون ڈے سریز کا دوسرا میچ 20 جبکہ آخری میچ 22 دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر دورہ پاکستان سے انکار کر دیا تھا تاہم ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے جس کی حفاظت کے لئے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم آخری بار اپریل 2018 میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے پاکستان آئی تھی۔