دلہن اب جوتے پہنتی ہیں اور شوہر کا نام بھی نہیں لگاتیں۔۔ آج کل کی شادیوں میں رسم و رواج کیوں بدلنے لگے ہیں؟

image

“ارے بھئی دلہن آگئی“

کسی نے آواز لگائی تو ہم نے مڑ کر دیکھا۔ لیکن یہ کیا؟ سہیلیوں کے جھرمٹ میں سجی سجائی شرمیلی دلہن کے بجائے قیمتی، خوبصورت لباس میں ایک لڑکی ڈانس کرتے ہوئے آتی دکھائی دی۔ پہلے تو ہم سمجھے شاید دلہن کی کوئی ماڈل سہیلی یا کزن ہے جو خوشی سے پھولی نہیں سما رہی لیکن تھوڑی دیر میں جب وہ دلہا کے پاس پہنچیں تو پتہ چلا کہ یہی محترمہ دلہن ہیں۔

کسی زمانے میں شادیوں میں بارات آتی تھی تو شور اٹھتا تھا لیکن آج کل دلہن کی انٹری بھی کسی دھماکے سے کم نہیں ہوتی۔ اتنا ہی نہیں بلکہ آج کل شادیوں میں کچھ اور بھی ایسے رواج فروغ پانا شروع ہوگئے ہیں جن کے بارے میں سن کر ہی حیرت ہوتی ہے. سوشل میڈیا کے توسط سے دنیا بھر میں ہونے والی تبدیلیوں نے ہمارے معاشرے میں بھی بدلاؤ پیدا کیا ہے جس کی وجہ سے شادی بیاہ میں بھی نئے رسم و رواج جنم لے رہے ہیں۔ آئیے جائزہ لیتے ہیں کہ وہ نئے رواج کون سے ہیں۔

دلہن کے جوتے

عام طور پر پاکستانی دلہنیں اپنی شادی میں نفیس اور خوبصورت سینڈلز پہننا پسند کرتی ہیں لیکن آج کل ہونے وای شادیوں میں دلہنوں نے سینڈلز کے بجائے جاگرز بھی پہننا شروع کریا ہے اس کی ایک مثال مشہور یوٹیوبر کنول آفتاب کی بھی لی جاسکتی ہے جنھوں نے اسی ماہ ہونے والی اپنی شادی میں سنہری رنگ کا جوتا پہنا۔ جوتے کا رنگ سنہری ہونے کے علاوہ اس پر موتیوں کا خوبصورت کام بھی تھا۔

دلہن کی انٹری

بارات میں دلہا کی انٹری کے ساتھ اب تقریب میں دلہن کی انٹری بھی ایک نیا رجحان ہے۔ اس سلسلے میں کچھ دلہنیں انوکھی روایات قائم کرنے کے لئے ڈانس کرتے ہوئے آتی ہیں تو کچھ گھوڑے پر سوار ہو کر آتی ہیں۔ یہاں تک کہ ارتغرل اسٹائل بھی دلہن کی انٹری کا حصہ بننے لگا ہے۔

شیندی

اکثر لوگ شادی میں غیر ضروری تقریبات کو پسند نہیں کرتے اور اسے فضول خرچی کے علاوہ وقت کا زیاں بھی سمجھتے ہیں۔ آج کل شادیوں میں مہندی اور شادی کی تقریب الگ الگ کرنے کے بجائے “شیندی“ کرنے کا رواج نکل پڑا ہے۔ شیندی کی روایت زیادہ تر شوبز سے تعلق رکھنے والے اپنا رہے ہیں۔ اس تقریب میں ایک ہی دن مہندی کی رسم کے ساتھ شادی بھی ہوجاتی ہے۔ اب اس رواج سے پیسے کی بچت ہوتی تو دکھائی نہیں دیتی لیکن ہاں دو تقریب کے بجائے ایک ہی دن تقریب کرنے سے قیمتی وقت ضرور بچ جاتا ہے۔

شادی کے بعد نام نہ بدلنا

عام طور پر شادی کے بعد خواتین اپنے نام کے آگے ولدیت یا ذات کے لاحقے کو تبدیل کرکے اپنے شوہر کا نام لگانا شروع کردیتی ہیں لیکن اب کچھ ایسی بھی خواتین سامنے آئی ہیں جو شادی کے بعد اپنے نام کو تبدیل کرنے کے عمل کو اپنی شناخت ختم کرنے کے برابر قرار دیتی ہیں۔ بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق کچھ خواتین کا ماننا ہے کہ ایسا کرنا غیر ضروری اور عورت کی ذاتی پسند پر منحصر ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US