پنجاب میں شدید دھند کا الرٹ، متعدد موٹر ویز بند

image

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پنجاب میں شدید دھند کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ تین روز کے دوران جنوبی اور وسطی پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

الرٹ کے مطابق لاہور، جھنگ، ملتان، خانیوال، میاں چنوں اور ساہیوال میں شدید دھند متوقع ہے جبکہ اوکاڑہ، پاکپتن، بہاولپور، بہاولنگر، لودھراں اور وہاڑی بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ این ڈی ایم اے نے بتایا کہ بالائی سندھ خصوصاً سکھر کے اطراف دھند پڑنے کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد میں بھی رات اور علی الصبح دھند چھا سکتی ہے۔ عوام کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں موٹر ویز پر ٹریفک متاثر ہوئی ہے۔ انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کے تحت کئی اہم موٹر ویز بند کر دی ہیں۔

موٹر وے ایم 9 لاہور سے بالکسر، ایم 3 لاہور سے ملتان اور ایم 11 لاہور سے سیالکوٹ تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پنڈی بھٹیاں سے ملتان اور سکھر ملتان موٹر وے پر بھی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے باعث حادثات کے خدشے کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم بہتر ہونے تک سفر مؤخر کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US