فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے دسمبر میں ٹیکس وصولی کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ ایف بی آر نے ماہِ دسمبر میں 1427 ارب 10 کروڑ روپے ٹیکس جمع کیا جو مقررہ 1446 ارب روپے کے ہدف کا 99 فیصد بنتا ہے۔
حکام کے مطابق یہ کسی بھی سال کے دسمبر میں اب تک کی سب سے زیادہ ٹیکس وصولی ہے۔ ان لینڈ ریونیو سروس نے بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 1310 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 1308 ارب روپے وصول کیے، جو 99.8 فیصد ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق نومبر کے مقابلے میں دسمبر میں ٹیکس وصولی میں 59 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، نومبر میں 898 ارب روپے جبکہ دسمبر میں 1427.1 ارب روپے ٹیکس جمع کیا گیا۔