“ہمارے پاس ایسے مریض آئے جن کی عمر 66 سال تھی وہ بیہوش ہوجاتے تھے اور سانس لینے میں مسئلہ ہوتا تھا۔ ہم نے ان کی کلوزڈ ہارٹ سرجری کی جو پاکستان میں پہلے کبھی نہیں ہوئی تھی۔ سرجری کامیاب ہوئی جس کی ہمیں بہت خوشی ہے“
بغیر سینہ چاک کیے دل کی سرجری کیسے کی جاتی ہے؟
یہ الفاظ ہیں ڈاکٹر علی رضا کہ جنھوں نے پشاور انسٹیوٹیوٹ آف ہارٹ اینڈ کارڈیالوجی اسپتال میں پاکستان کی پہلی کامیاب کلوزڈ ہارٹ سرجری کی ہے۔ ڈاکٹر علی رضا کا کہنا ہے کہ دل سے ایک بڑی شریان نکلتی ہے جسے ایورٹا aorta کہتے ہیں اور اس کے ساتھ ایک والو ہوتا ہے جسے ایورٹک والو aortic valve کہتے ہیں۔ جب ایورٹک والو میں بندش پیدا ہوجاتی ہے تو انسان کا دورانِ خون رکنے لگتا ہے جس کی وجہ سے کبھی کبھی وہ بیہوش ہوجاتا ہے اور سانس پھولنے لگتی ہے۔ اس وقت ڈاکٹرز یا تو اوپن ہارٹ سرجری کرتے ہیں یا پھر کلوذڈ ہارٹ سرجری۔ کلوذڈ ہارٹ سرجری میں سینہ چاک کیے بغیر ٹانگ کے زریعے ایورٹگ والو کا علاج کیا جاتا ہے۔
ہر جان قیمتی ہوتی ہے جس کا رسک لیتے ہوئے ذہنی دباؤ ہوتا ہے
ڈاکٹر علی رضا کا کہنا ہے کہ وہ چھ ماہ پہلے تک انگلینڈ میں اس طریقہ کار کے زریعے سرجری کرتے رہے ہیں۔ پاکستان آنے کے بعد البتہ یہ ان کی پہلی سرجری تھی جس کی وجہ سے انھیں تھوڑا سا ذہنی دباؤ تھا لیکن ان کو اس بات کا اطمینان تھا کہ ان کے پاس قابل ٹیم اور تمام جدید آلات موجود ہیں۔ ڈاکٹر علی رضا کے مطابق کوئی بھی ایسا آپریشن جس میں جان کا رسک ہو اسے کرتے ہوئے خوف ہوتا ہے کیوں کہ ہر جان قیمتی ہے لیکن وہ خوش ہیں کہ ان کی سرجری کامیاب ہوئی اور ان کے مریض بالکل ٹھیک ہیں۔