کچھ دن پہلے ایک نکاح کی تقریب کا دعوت نامہ آیا۔ دعوت نامہ تھا یا شاہی حکم نامہ ہم دیکھ کر حیران رہ گئے۔ مغلئی انداز میں لپٹا ہوا کپڑے پر سنہری حروف میں دلہا دلہن کا نام اور مقررہ وقت لکھا ہوا تھا۔ خیر دو دن بعد تقریب میں گئے تو وہاں ایسی کئی چیزیں تھیں جن کو دیکھ کر ہمیں زمانے کے تبدیل ہونے اور اپنی بزرگی کا احساس ہوا۔ بہرحال چیزیں کافی خوبصورت تھیں جنھوں نے ہماری توجہ بھی اپنی جانب کھینچ لی اور ہم ان کی قیمت وغیرہ میں جاننے کے لئے بے چین ہوگئے۔ تو چلیے اپنے قارئین کو بھی نکاح کی تقریب میں چار چاند لگاتی ان کسٹمائزڈ چیزوں اور ان کی قیمت کے حوالے سے بتاتے ہیں۔
مور پنکھ والا نکاح کا پین
یہ نایاب قلم کچھ سال پہلے مارکیٹ میں آچکا ہے اور ہم سوشل میڈیا کے توسط سے اسے دیکھ بھی چکے ہیں لیکن جدت میں اضافے کے بعد اب اس پین کی مختلف ورائٹیز سامنے آچکی ہیں۔ ایک سادے مور پنکھ والے پین کی قیمت 130 سے شروع ہوتی ہے اور سجے سجائے، دلہا دلہن کے نام والے پین کی قیمت 1200 تک چلی جاتی ہے۔ یہ پین فیس پک کے کسٹمائزڈ پیجز کے علاوہ دراز پر بھی باآسانی مل سکتے ہیں۔
نکاح نامہ
خوبصورت اور چمکدار کاغذ پر بنا نکاح نامہ ہمارے لئے سب سے نئی چیز ہے کیوں کہ اس سے پہلے ہم نے سادے کاغذ پر بنے نکاح نامے ہی دیکھے ہیں لیکن یہ نکاح نامہ ایک سرٹیفیکیٹ جیسا دکھتا ہے۔
نکاح کا دوپٹہ
سرخ رنگ کا جالی والا دوپٹہ دلہن کو نکاح کے وقت اوڑھایا جاتا ہے اس دوپٹے پر عام طور پر سنہری کڑھائی میں دولہے کا نام یا کوئی خوبصورت پیغام بھی لکھا ہوتا ہے۔ نکاح کے دوپٹے کی قیمت 800 سے شروع ہوتی ہے اور یہ آن لائن اور عام بازاروں میں باآسانی دستیاب ہے۔ نکاح کے علاوہ مایوں مہندی کے لئے بھی پیلے اور ہرے رنگ میں دوپٹے ملتے ہیں۔