رات کے وقت ٹھنڈے پانی میں پیر بھگونے سے کیا ہوتا ہے؟ گرمی سے بچنے کے چند طریقے

image

گرمی کا موسم آچکا ہے اور شہری ابھی سے بے حال ہورہے ہیں کیوں کہ مارچ کے مہینے میں ہی سورج کی تیز شعاعوں نے عوام پر اثر دکھانا شروع کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات بھی آنے والے دنوں میں گرمی بڑھنے کی پیشن گوئی کرچکے ہیں اس لئے ہم اپنے قارئین کو چند ایسے طریقے بتا رہے ہیں جن سے وہ ہیٹ ویو سے خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

ٹھنڈے پانی میں پیر بھگونا

اکثر لوگوں کو گرمی سے پیر میں جلن کی شکایت محسوس ہوتی ہے اس کا ایک حل یہ ہے کہ رات کو سونے سے پہلے پیروں کو ٹھنڈے پانی میں بھگوئیں۔ اس عمل سے پیروں پر جما پسینہ بھی صاف ہوگا اور جلد کو سکون ملے گا۔ نیز ایسے مرد و خواتین جو دن بھر دفاتر میں جوتے پہنتے ہیں ان کو یہ عمل ضرور کرنا چاہئیے۔

ہلکے موزے

پیروں کو محفوظ رکھنے کے لئے کچھ لوگ موزے گرم موسم میں بھی پہنتے ہیں لیکن اس بات کا خیال نہیں رکھتے کہ ان کے موزے اونی ہیں یا سوتی۔ موسم تبدیل ہونے کے بعد موزے کا انتخاب بھی سوچ سمجھ کر کریں اور سوتی کپڑے کے موزے پہنیں۔

ایک کپڑا ساتھ رکھیں

کوشش کریں کہ گھر سے غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں لیکن اگر ایسا کرنا ناگزیر ہو تو ایک کپڑا ضرور ساتھ رکھیں جسے وقتاً فوقتاً گیلا کرکے چہرہ اور بال پونچھ سکیں اس سے فوری طور پر گرمی کا احساس کم کرنے میں مدد ملے گی۔

یہ چیزیں ضرور ساتھ رکھیں

دھوپ کے چشمے، ہیٹ ، دستانے اور سن بلاک کا استعمال لازمی کریں اور گھر سے باہر نکلتے ہوئے یہ چیزیں اپنے ساتھ لے کر نکلیں اس کے علاوہ ایک پانی کی بوتل بھی لازمی اپنے پاس رکھیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US