انسان کی جب کسی جانور یا پرندے سے دوستی ہوجائے تو وہ ہمیشہ انہی کے ساتھ نظر آتے ہیں۔ وہ اُن کے ساتھ اکثر کھیلتے ہیں اور ایک اچھا وقت بیتاتے ہیں۔
بالکل ایسی ہی ایک بچی اور اس کی مینا (پرندہ) دوست کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں ان دونوں کی دوستی دیکھ کر کسی کا بھی دل گرما جائے۔
کسی راہ گیر نے یہ مناظر دیکھ کر بچی کی ویڈیو بنائی جس میں واضح طور پر دیکھا گیا کہ مینا بچی کے ساتھ ساتھ رہ رہی ہے۔ کبھی بچی کے ہاتھ پر بیٹھتی ہے تو کبھی اس کے سر پر۔
ویڈیو بنانے والا شخص بچی سے کہتا ہے کہ اس کو دوبارہ اڑاؤ جس کے بعد مینا اُڑ کر واپس بچی کے قدموں میں آجاتی ہے۔ بچی کا نام حبا بتایا گیا جس کا کہنا تھا کہ اس نے ایک سال پہلے پرندے کو پالا تھا۔
ویڈیو میں دیکھا جاتا ہے کہ بچی جب مینا کو اڑا کر بھاگتی ہے تو وہ اُڑ کر اس کے پاس پہنچ جاتی ہے۔
مذکورہ ویڈیو کو لاکھوں لوگ دیکھ چکے ہیں اور کافی پسند کر رہے ہیں۔