دبئی کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیراعظم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم اپنی 77ویں سالگرہ کی تقریبات کے لیے اسکاٹ لینڈ پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ اپنے وسیع و عریض انویرینیٹ اسٹیٹ میں چند روز قیام کریں گے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق سالگرہ کی تقریبات آئندہ ہفتے منعقد ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق شیخ محمد ایک نجی طیارے کے ذریعے انورنیس ایئرپورٹ پہنچے۔ ان کے ہمراہ تین ہیلی کاپٹر اور لگ بھگ 60 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ بھی موجود تھا، جس میں سیکیورٹی اور سفری انتظامات کے لیے رینج روور اور مرسڈیز سمیت مختلف گاڑیاں شامل تھیں۔ مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس علاقے میں اتنا بڑا سیکیورٹی قافلہ پہلے کبھی نہیں دیکھا۔
برطانوی ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ پر شیخ محمد سنجیدہ انداز میں دکھائی دیے، جبکہ بعد میں وہ اپنے اہلِ خانہ اور قریبی ساتھیوں کے ساتھ خوبصورت پہاڑی علاقے میں چہل قدمی کرتے بھی نظر آئے۔
لوخ ڈوئچ کے قریب واقع تقریباً 63 ہزار ایکڑ پر پھیلا انویرینیٹ اسٹیٹ پہلے ہی رہائشی عمارتوں، لاجز اور تین ہیلی پیڈز پر مشتمل ہے۔ گزشتہ سال اس مقام پر مزید تعمیرات کی منظوری بھی دی گئی تھی، جس کے بعد مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس اسٹیٹ کا حجم مسلسل بڑھ رہا ہے اور یہ اب ایک چھوٹی بستی جیسا منظر پیش کرنے لگا ہے۔
شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کو دبئی کی جدید ترقی کا اہم معمار سمجھا جاتا ہے۔ ان کی قیادت میں برج خلیفہ، دبئی مال اور دبئی میٹرو جیسے نمایاں منصوبے مکمل ہوئے، جبکہ امارات ایئرلائن کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے میں بھی ان کا اہم کردار رہا ہے۔