لاہور میں کم عمر ڈرائیورز، بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں اور ٹرپل سواری کے خلاف آج خصوصی جنرل ہولڈ اپ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور نے تمام سرکل افسران کو مؤثر اور سخت کارروائی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق کریک ڈاؤن کے دوران کم عمر افراد کے زیر استعمال موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے نہ صرف چالان کیے جائیں گے بلکہ انہیں تحویل میں بھی لے لیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کم عمر ڈرائیور کی موٹرسائیکل صرف متعلقہ جووینائل پرمٹ پیش کیے جانے کی صورت میں ہی چھوڑنے کی اجازت ہوگی۔
ٹریفک پولیس حکام کا کہنا تھا کہ تعطیلات کے دوران کم عمر بچے اکثر موٹرسائیکل، گاڑی یا رکشہ چلا کر سڑکوں پر نکل آتے ہیں، جس سے ٹریفک حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔