سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں جاری آپریشن “شعبان” کے دوران مزید 7 مبینہ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حالیہ کارروائی کے بعد آپریشن شعبان میں ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کی مجموعی تعداد 64 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 5 جولائی سے ملک کے مختلف علاقوں میں کیے گئے آپریشنز میں مجموعی طور پر 102 مبینہ شدت پسند مارے جاچکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیاں بلوچستان کے دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور دہشت گردوں کے مبینہ خفیہ ٹھکانوں پر جاری ہیں، جہاں سیکیورٹی فورسز انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشنز کررہی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مربوط کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ذرائع نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔