لاہور: الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے رکن کاشف محمود کو ڈی نوٹیفائی کر دیا،حمزہ شہباز کا ایک ووٹ اور کم ہوگیا۔
کاشف محمود نے جعلی ڈگری کیس میں ہائیکورٹ کے نااہلی کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا، سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کیس میں ایم پی اے کاشف محمود کی نااہلی کا فیصلہ برقرار رکھا، سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے لیگی ایم پی اے کاشف محمود کی اپیل پر سماعت کی، بنچ نے ہائیکورٹ کا فیصلہ برقراررکھتے ہوئے کاشف محمود کی اپیل مسترد کردی۔
واضح رہے کہ 22 جولائی کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت نے بہاولنگر سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی کاشف چوہدری سے متعلق الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی درخواست مسترد کردی تھی۔
کاشف چوہدری کو ڈی نوٹیفائی نہ کرنے پر الیکشن کمیشن کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے قرار دیا کہ الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست نہیں بنتی،رکن پنجاب اسمبلی کے خلاف دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن نے کاشف چوہدری کو نااہلی کے باوجود ڈی نوٹیفائی نہیں کیا،کاشف چوہدری کی سپریم کورٹ میں بھی اپیل خارج ہوگئی۔
پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے جاری کشمکش کے دوران حمزہ شہباز کا ایک اور ووٹ کم ہوگیا ہے۔