انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک بھر میں تعلیمی اداروں کے اطراف اور دیگر شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کیا، جس کے دوران 9 کارروائیوں میں افغان نیشنل سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 6608.3 کلوگرام منشیات برآمد ہوئی، جس کی مالیت 50 کروڑ 89 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
تعلیمی اداروں کے قریب کارروائیوں میں اسلام آباد کے چونگی نمبر 26 کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 9.6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جس نے اعتراف کیا کہ وہ طلبہ کو منشیات فروخت کر رہا تھا۔
علاوہ ازیں اے این ایف نے راولپنڈی کے چکلالہ گیریژن میں برطانیہ سے آنے والے پارسل سے 150 گرام کینابیس برآمد کی ،لاہور میں برطانیہ جانے والے پارسل سے 5 کلوگرام آئس اور 5 کلوگرام افیون برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا اور کراچی کے حب ریور روڈ پر مدرسے کے قریب گاڑی سے 10 کلوگرام ہیروئن برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا۔
ملتان کے شاہ رکن عالم کالونی میں 2 ملزمان سے 4 کلوگرام آئس اور 250 گرام افیون برآمد کی،ترکئی ٹول پلازہ کے قریب 2.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی ،پشاور کے کارخانو مارکیٹ جمرود روڈ پر افغان نیشنل سے 300 گرام آئس برآمد ہوئی۔