وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان نارتھ ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایف سی بلوچستان نارتھ کے چاک و چوبند دستے نے معزز مہمانوں کو سلامی پیش کی۔
آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ نے وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ کا استقبال کیا اور افسران سے تعارف کرایا۔ وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔
آئی جی نے فورس کی تربیت، آپریشنل تیاریوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف سی بلوچستان نارتھ کے قیام امن میں کردار اور دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ افسران اور جوانوں نے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے میں شجاعت کی تاریخ رقم کی ہے۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ ایف سی بلوچستان نارتھ کے سپوت دہشتگردی کے خلاف بہادری سے برسرپیکار ہیں اور بلوچستان حکومت اس جنگ میں فورس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔