شادی ہر لڑکی کے لئے زندگی کا اہم ترین موقع ہوتا ہے ، اس دن اس کے ملے جلے جذبات ہوتے ہیں کچھ ارمان ہوتے ہیں ، کچھ خوف بھی ہوتا ہے نئی زندگی کا نئی جگہ جانے کا۔۔۔ اپنوں کو چھوڑ کے جانے کا دکھ بھی ہوتا ہے تو نئی زندگی کی شروعات کی خوشی بھی ہوتی ہے۔ ایسے میں لڑکیاں اپنے دل میں نہ جانے کیا کیا سوچے بیٹھی ہوتی ہیں۔
لڑکی کے گھر والے اور لڑکی دونوں کے ذہن میں ہزاروں کام بھی ہوتے ہیں مہمانوں کی لسٹ بھی ہوتی ہے کہ کس کس کو بلانا ہے کوئی اپنا پرایا رہ نہ جائے، کہیں تقریب میں کوئی کمی رہ نہ جائے۔ ہر طرح سے تقریب کو پرفیکٹ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ لیکن سچ سچ بتائیے گا کہ آپ میں سے کتنے لوگ ہوں گے جو اس طرح کی تقریب میں اپنے نوکروں کو بھی یاد رکھتے ہوں گے کہ ان کو بھی عزت دینی ہے، اگر انہوں نے ہرلمحہ آپ کا ساتھ دیا ہے تو آپ بھی ان کو عزت دیں۔
تقریب میں ہر کام پرفیکٹ رکھنے کے لئے تو نوکروں کو جھڑکیاں اور برا بھلا ضرور کہا جا رہا ہوتا ہے لیکن ہمیں یہ خیال کبھی نہیں آتا کہ ان کو بھی اسٹیج پر بلائیں دلہن یا دولہا کے ساتھ ان کی بھی تصویر کھنچوائیں۔ یہاں تصویرمیں ایک خوبصورت ہنستی مسکراتی دلہن اپنی میڈز(ماسیوں) کے ساتھ اپنی زندگی کے اس اہم ترین موقع کو انجوائے کر رہی ہے۔ تصویر دیکھیں تو اندازہ ہورہا ہے کہ وہ کتنی خوشی خوشی اپنی کام والیوں کے ساتھ کھڑی ہے، اور کام والیاں بھی خوش ہیں، ان کی خوشی مصنوعی نظر نہیں آتی جس سے پتہ چلتا ہے کہ ان کو بھی اس شادی کی اتنی ہی خوشی ہے جتنی کسی گھر والے کو ہو سکتی ہے۔
اپنی زندگی کے سب سے اہم موقع پر اپنے مددگاروں کو نہ بھولنا ایک قابلِ تعریف عمل ہے۔ ایسے وقت میں جب لوگ اپنوں کے ساتھ گروپ فوٹو بنوانا بھول جاتے ہیں، ایسے میں اگر آپ اپنی گھر میں کام کرنے والوں کو سب سے پہلے یاد رکھتے ہوئے ان کو عزت دیں تو یہ اس مددگار کے لئے بھی باعثِ عزت اور خوشی ہوتا ہے اور اس کے دل میں آپ کی عزت اور محبت بڑھ جاتی ہے۔ اور وہ زیادہ تن دہی سے آپ کا خیال رکھتا ہے۔
یہ تصویران لوگوں کے لئے بھی ایک سبق ہے جو اپنے نوکروں یا کام والیوں کو انسان نہیں سمجھتے اور چھوٹی چھوٹی باتوں پر ان پر تشدد اور ظلم وستم کرتے ہیں ۔ حال ہی میں اس قسم کے تشدد کے کئی واقعات ہمارے سامنے آچکے ہیں۔ جن میں مالکوں کے تشدد سے نوکر بچے یا بچیاں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔