سرحدوں پر حفاظت کرنے والے فوجی قوم کا فخر ہوتے ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ عوام بھی ان کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جاننا چاہتے ہیں۔ اگر آپ بے غور کیا ہو تو زیادہ تر ممالک کا فوجی یونیفارم ہرے رنگ کا ہوتا ہے۔ اگر مکمل ہرا نہ بھی ہو تو کچھ حصہ یا ڈیزائن ہرے رنگ کا ضرور ہوتا ہے۔ آئیے جانتے ہیں کہ ایسا کیوں ہے۔
فوجیوں کا یونیفارم بناتے ہوئے اس بات کا خیال رکھا جاتا ہے کہ وہ دفاع کے عمل کے لئے مددگار ہو۔ اس کا کپڑا بھی قدرے سخت ہوتا ہے جو کڑے موسم اور حالات میں جلدی خراب نہیں ہوتا۔
اکثر ممالک کے فوجیوں کے یونیفارم کا رنگ اب بدل چکا ہے جیسے امریکی آرمی کا لباس سیاہ اور سنہرے رنگ کا ہے لیکن ملٹری آپریشن کے دوران خاکی یا ہلکا ہرے رنگ کا یونیفارم پہنا جاتا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ جنگلات اور صحرا یا پھر گھاس وغیرہ کے دوران فوجی چھپ کر دشمن پر بآسانی حملہ آور ہوسکیں۔
فوجی لباس کے مخصوص ڈیزائن
جہاں تک بات فوجی یونیفارم کے ڈیزائن کی ہے تو اسے کیموفلاج کہتے ہیں اور یہ فرانسیسی زبان کا لفظ ہے اور اس کے معنی ہی چھپانے کے ہیں۔ پہلی جنگ عظیم کے وقت جدید حکمت عملی کے طور پر ایسے فوجی لباس بنائے گئے جن کے ذریعے فوجی کا خود کو دشمن کی نظر میں چھپانا آسان ہوجاتا تھا۔ اس پیٹرن میں اسلحہ چھپانے کی صلاحیت بھی ہوتی ہے۔ دنیا بھر میں آپریشن کے دوران کیموفلاج پیٹرنز والے یونیفارم کا استعمال عام ہے البتہ ہر ملک کا اپنا الگ کیموفلاج ڈیزائن ہوتا ہے۔