پاکستان آرمی کے کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز جو اپنی ٹیم کے ہمراہ بلوچستان سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے روانہ ہوئے تھے ان کا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوگیا ہے اور تاحال تلاش جاری ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر لسبیلہ کے علاقے میں سیلاب ریلیف آپریشن کا حصہ تھا۔ ہیلی کاپٹر کہاں روانہ ہوا اس حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے تازہ تفصیلات شئیر نہیں کی گئی ہے۔ قوم تشویش میں مبتلا ہے کہ ہیلی کاپٹر اچانک کہاں لاپتہ ہوگیا۔
ہیلی کاپٹر میں شامل دیگر افسران میں ڈی جی کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد، بریگیڈیئر خالد، میجر سعید (پائلٹ)، میجر طلحہ (پائلٹ) اور نائیک مدثر بھی شامل ہیں۔
بلوچستان سے لاپتہ ہونے والے جنرل سرفراز کون ہیں؟
بلوچستان میں اپنی تعیناتی سے قبل لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور جنوبی بلوچستان، ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس، کمانڈر 111 بریگیڈ راولپنڈی اور امریکہ میں پاکستانی سفارت خانے میں ڈیفنس اتاشی کے طور پر خدمات انجام دی ہیں۔
معروف صحافی مطیع اللہ جان کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کاکول اکیڈمی میں ان کے سینئر تھے۔
کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز کی سوشل میڈیا پر تصاویر اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں جس میں انہیں غریب عوام کے ساتھ بیٹھے اور بچوں کو پیار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ تصاویر ظاہر کر رہی ہیں جنرل سرفراز کو غریبوں کا خیال اور بچوں سے محبت کرنے والے انسان ہیں۔
لاپتہ ہوجانے والے جنرل سرفراز علی کے اہلخانہ کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر اس وقت چل رہی ہے جس میں ان کی اہلیہ دو بیٹے اور ایک بیٹی موجود ہیں۔
جنرل سرفراز کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر جسے دیکھ کر لوگ انہیں بھرپور سراہ رہے ہیں۔ ویڈیو میں وہ ایک شہید کی قبر کو بوسہ دیتے ہیں۔
ایک ویب سائٹ کے مطابق ان کا تعلق آزاد کشمیر رجمنٹ سے ہے۔ پوری قوم سیلاب متاثرین کی مدد پر نکلنے والے وطن کے ان بیٹوں کی سلامتی کے لئے دعاگو ہے۔