خاران میں بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کا حملہ ناکام، کلیئرنس آپریشن میں 12 دہشتگرد ہلاک

image

آئی ایس پی آر کے مطابق 15 جنوری 2026 کو بلوچستان کے ضلع خاران کے شہر خاران میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 15 سے 20 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں نے مختلف مقامات پر دہشتگردانہ کارروائیاں کرنے کی کوشش کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے سٹی پولیس اسٹیشن، نیشنل بینک آف پاکستان اور حبیب بینک لمیٹڈ پر حملہ کیا اور بینکوں سے 34 لاکھ روپے لوٹ لیے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔

بعد ازاں علاقے میں کلیئرنس آپریشن کیا گیا جس کے دوران تین مختلف مقابلوں میں 12 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کی جانب سے پولیس اسٹیشن میں یرغمال بنانے کی کوشش کو بھی ناکام بنا دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خاران اور اس کے گرد و نواح میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے دہشتگرد کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن “عزمِ استحکام” کے مطابق غیر ملکی اسپانسرڈ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل کارروائیاں جاری رکھیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US