عمران خان فارن فنڈنگ کیس ۔۔ الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنادیا ۔۔ اب پی ٹی آئی کا مستقبل کیا ہوگا؟

image

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کو ممنوعہ فنڈنگ کا ذمہ دار قرار دیدیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے تین رکنی بینچ کا متفقہ فیصلہ سنایا، فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈ لیے ہیں، 13 نامعلوم اکاؤنٹس سامنے آئے،امریکا، آسٹریلیا اور یو اے ای سے عطیات لیے گئے،پی ٹی آئی ان اکاؤنٹس کے بارے میں بتانے میں ناکام رہی۔

الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ آئین کے مطابق اکاؤنٹس چھپانا غیر قانونی ہے، پی ٹی آئی نے 34 غیر ملکیوں، 351 کاروباری اداروں اور کمپنیوں سے فنڈز لیے،سیا سی جماعتوں کے ایکٹ کے آرٹیکل 6 سے متعلق ممنوعہ فنڈنگ ہے۔

فنڈنگ کیس کے لیے پی ٹی آئی نے 9 وکیل تبدیل کیے جب کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی فنڈنگ کی جانچ پڑتال کے لیے مارچ 2018 میں اسکروٹنی کمیٹی قائم کی، اسکروٹنی کمیٹی کے 95 اجلاس ہوئے جس میں 24 بار پی ٹی آئی نے التوا مانگا جب کہ پی ٹی آئی نے درخواست گزار کی کمیٹی میں موجودگی کے خلاف 4 درخواستیں دائر کیں، اسکروٹنی کمیٹی نے 20 بار آرڈر جاری کیے کہ پی ٹی آئی متعلقہ دستاویزات فراہم کرے۔

پی ٹی آئی نے 2008 سے 2013 کے دوران نے 14 بینک اکاؤنٹس چھپائے، پی ٹی آئی نے اسکروٹنی کمیٹی رپورٹ پر جواب میں 11 اکاؤنٹس سے اظہار لاتعلقی کیا اور کہا یہ غیر قانونی طور پر کھولے گئے۔

یہ اکاؤنٹس اسد قیصر ، شاہ فرمان ، عمران اسماعیل ، محمود الرشید ، احد رشید ، ثمر علی خان ، سیما ضیاء ، نجیب ہارون ، جہانگیر رحمان ، خالد مسعود ، نعیم الحق اور ظفر اللہ خٹک نے کھولے۔

عمران خان نے فارم ون جمع کرایا جو غلط بیانی اور جھوٹ پر مبنی ہےپارٹی اکاؤنٹس سےمتعلق دیا گیا بیان حلفی جھوٹا ہے،الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہونے پر پاکستان تحریک انصاف کو شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیا ہے، نوٹس کی سماعت کے بعد پی ٹی آئی کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔

فیصلے سے قبل کسی بھی قسم کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے الیکشن کمیشن کو جانے والے راستے بند کر دیے گئے ہیں اور الیکشن کمیشن کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔شاہراہ دستور پر داخلے کے لیے صرف سرینا ہوٹل اور مارگلہ روڈ کا راستہ کھلا ہے جبکہ نادرا چوک، الیکشن کمیشن کے پاس سڑک کو کنٹینر لگا کر بند کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ 14 نومبر 2014 کو پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر کی جانب سے الیکشن کمیشن میں یہ کیس دائر کیا گیا تھا جس کی 8 سالہ طویل سماعت میں پی ٹی آئی نے 30 مرتبہ التوا مانگا اور پی ٹی آئی نے 6 مرتبہ کیس کے ناقابل سماعت ہونے یا الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار سے باہر ہونے کی درخواستیں دائر کیں تاہم 21 جون 2022 کو اس کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US