“یہ میرے والد صاحب کی دعا ہے۔ میرے والد اپاہج تھے اور میں ان کے تمام کام کرتا تھا یہاں تک کہ اگر انھیں خارش کی طلب ہو تو وہ مجھے آواز لگاتے تھے۔ اس بات کی وجہ سے میں نوکری بھی نہیں کرپاتا تھا۔ مجھے بڑی خواہش تھی کہ خانہ کعبہ کو دیکھوں تو ایک بار والد صاحب نے کہا کہ میرے ہوتے ہوئے تم ایک بار کعبہ دیکھ آؤ۔ جب میں حرم پاک پہنچا تو اسی دن ان کے انتقال کی خبر آگئی“
دن میں 5 بار کعبہ کو ہاتھ لگانے کی سعادت ملتی ہے
یہ کہنا ہے دنیا کے سب سے مقدس مقام خانہ کعبہ میں نوکری کرنے والے خوش نصیب پاکستانی رشید صاحب کا جن کا تعلق لاہور سے ہے۔ رشید صاحب نے بتایا کہ وہ 10 سال سے حرم میں ہیں اور 5 سال سے امام کعبہ کا مائیک رکھنے اور اٹھانے کی نوکری کررہے ہیں۔ رشید صاحب ایسی خوش نصیب نوکری کر رہے ہیں جس میں انھیں دن میں 5 بار خانہ کعبہ کو ہاتھ لگانے کا موقع ملتا ہے۔
خادمین کی نوکری کس طرح ملتی ہے؟
وسیم بادامی کو اس حوالے سے انٹرویو دیتے ہوئے رشید صاحب نے بتایا کہ نیشنل مین پاور کے نام سے کمپنی ہے جہاں اپلائی کرنا پڑتا ہے خادمین کی جاب کے لئے پھر اگر انسان کی قسمت ہو تو حرم پاک میں اسے نوکری مل جاتی ہے۔ رشید صاحب نے کہا والد مجھے کہتے تھے کہ جس طرح تم نے میری خدمت کی ہے تم کو ایسی نوکری ملے گی کہ دنیا سلام کرے گی۔ میں سمجھتا ہوں بس مجھے والد کی دعا لگ گئی ہے۔