ویٹی کن: مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کیلئے خصوصی دعا کرتے ہوئے ایک بار پھر عالمی برادری سے متاثرین کی امداد کی اپیل کی ہے۔
اپنے ایک پیغام میں پوپ فرانسس نے کہا کہ میں اس مقام پر جو سخت آفت کا شکار ہوا ہے پاکستان کے لوگوں کو جو تباہ کن حد تک سیلاب سے متاثر ہیں، یقین دلانا چاہتا ہوں کہ میں ان کے قریب ہوں۔
پوپ فرانسس نے کہا کہ میں بڑی تعداد میں متاثر ہونے والے افراد،زخمیوں اور بچائے گئے لوگوں کیلئے دعا کرتا ہوں تاکہ بین الاقوامی یکجہتی بھی فراخ دلی کے ساتھ ہو۔
اس سے قبل پوپ فرانسس نے عالمی برادری سے سیلاب سے متاثرہ پاکستان کے لیے امداد کی اپیل کی تھی ۔
ایک بیان میں پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ عالمی برادری یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی سیلاب متاثرین کی امداد کرے۔
پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے دعا کریں، سیلاب کے بے شمار متاثرین، زخمیوں اور بے گھر افراد کے لیے ہم سب دعا کریں۔