بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے ضلع بھنڈارہ کے علاقے لاکھنی میں سڑک کنارے پھینکی گئی ایک نومولود بچی کو بیگ سے زندہ نکال لیا گیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق تقریباً دس دن کی بچی کو سیاہ رنگ کے بیگ میں ڈال کر ایک درخت کے پاس پھینکا گیا تھا۔ بیگ میں حرکت محسوس ہونے پر مقامی افراد کی توجہ اس جانب گئی جس کے بعد بیگ کھولا گیا تو اس میں نومولود بچی موجود تھی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور بچی کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے مزید علاج کے لیے بھنڈارہ کے ڈسٹرکٹ جنرل اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
طبی ماہرین کے مطابق بچی کی حالت اب مستحکم ہے۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ملزمان کی شناخت کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے۔