بھائی تو بہنوں کا مان ہوتے ہیں۔۔ سوشل میڈیا پر ننھے بچے کے چرچے کیوں ہورہے ہیں؟

image

اللہ رب العزت نے ماں باپ کے بعد کوئی اور خوب صورت اور پیارا رشتہ بنایا ہے تو وہ بہن بھائی کا رشتہ ہے، اللہ تعالیٰ نے بہن بھائی کے رشتے میں ایک قدرتی محبت رکھی ہے۔

اس رشتے میں دکھاوا کم اور حقیقت زیادہ ہوتی ہے۔ ایک دوسرے سے جڑا یہ رشتہ وقت اور فاصلوں کا محتاج نہیں ہوتا۔ یہ نہ دور رہنے سے کم ہوتا ہے نہ پاس رہنے سے بڑھتا ہے۔

بھائی بہنوں سے چاہے چھوٹے ہی کیوں ہوں وہ اپنی بہنوں کیلئے فخر اور مان ہوتے ہیں جیسا کہ سعودی عرب میں ایک بچے کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہے۔ اس تصویر میں 9سالہ مشعل الشہرانی کو اسکول سے واپسی پر اپنی دو بہنوں کے اسکول بیگ اٹھائے دھوپ میں چلتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس تصویر نے سعودی شہریوں کی بھرپور توجہ حاصل کی اور اس عمل کو بے حد پسند کرتے ہوئے مشعل الشہرانی کوسعودی شہریوں نے مردانہ شان والا بچہ قرار دیا ہے۔

عرب ٹی وی سے بات کرتے ہوئے 9سالہ بچے مشعل الشہرانی نے بتایا کہ میں ہمیشہ اپنے گھر والوں کی مدد کرنا چاہتا ہوں، خاص طور پر اپنی بہنوں سارہ اور نورا کو اسکول سے واپسی پر ان کے بیگ اٹھانے میں ان کی مدد کرتا ہوں۔

مشعل الشہرانی نے بتایا کہ جب بیگ اٹھائے میری تصویر لی گئی تو اس وقت گرمی بہت زیادہ تھی۔ سخت گرمی اور ہجوم میں بہنوں سے بیگ لے لیے، اس دوران کسی نے میری تصویر لی اور سوشل میڈیا پر ڈال دی۔

علاوہ ازیں خمیس مشیط کے گورنر اور عسیر میں محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر نے بھی بچے کے اس عمل کی تعریف کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts