اکثر سوشل میڈیا پر مشہور شخصیات اپنے دلچسپ انداز کی بدولت سب کی توجہ حاصل کر لیتی ہیں، لیکن کچھ ایسی ہوتی ہیں، جو کہ اپنے پیاروں سے محبت کی بنا پر وائرل ہو جاتی ہیں۔
ہماری ویب ڈاٹ کام کی اس خبر میں آپ کو اسی حوالے سے بتائیں گے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد:
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور وزیر صحت پنجاب کا عہدہ سنبھالنے والی یاسمین راشد اس وقت پاکستان تحریک انصاف پنجاب میں اہم کردار ادا کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
اپنے انٹرویو میں ڈاکٹر یاسمین کا کہنا تھا کہ انسان بُرے وقت میں اللہ کو یاد کرتا ہے، اچھے وقت میں بھول جاتا ہے، اللہ کی مجھ پر بہت مہربانیاں ہیں۔ میں ہر اچھے اور بُرے وقت میں اللہ کو یاد کیا۔
کینسر سے متعلق ڈاکٹر یاسمین راشد بتاتی ہیں کہ جب مجھے معلوم ہوا کہ میں کینسر میں مبتلا ہو گئی ہوں تو پہلے دن میں پریشان ضرور ہوئی لیکن مجھے اپنی پریشانی اس لیے سنبھالنی پڑی اور ہمت اور حوصلہ دکھانا پڑا، کیونکہ اگر میں ہی پریشان ہو جاتی تو میرا پورا خاندان جو جذبات اور احساسات کے لحاظ سے مجھ پر منحصر ہے اور مجھ سے لگاؤ رکھتا ہے اس کا کیا ہوتا۔
لیکن ڈاکٹر یاسمین راشد نے دلچسپ بات بتاتے ہوئے کہا کہ میرے خاندان بجائے مجھے تسلیاں دیتا، میری کینسر کی خبر سُن کر میں خاندان والوں کو تسلیاں دے رہی تھی۔ میں نے کہا کہ کچھ نہیں ہوگا، ٹریٹمنٹ ہوجائے گا، سب ٹھیک ہو جائے گا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے یہ مشکل لمحے کی خبر اپنی بچپن کی دوستوں کو بھی بتائی، لیکن ان کا کہنا تھا کہ یہ بات بتاتے ہوئے مجھے بہت حوصلہ چاہیے تھا، کیونکہ جب میں نے یہ بات انہیں بتائی تو وہ رونے دھونے لگ گئیں۔ میں کہتی تھی کہ مجھے تسلی دو، تم سب تو چنگے بھلے ہو۔
سرفراز احمد:
سرفراز احمد بھی اگرچہ سوشل میڈیا پر ان دنوں کافی مشہور ہیں، تاہم ان سے متعلق دلچسپ معلومات یہ ہیں، کہ سرفراز اپنی امی جان سے بات کیے بغیر رہ نہیں پاتے ہیں۔
جب کبھی میچ ہو، چاہے پاکستان ہی میں ہو یا میں سات سمندر پار ہو، سرفراز جب تک اپنی والدہ سے فون پر امی کی آواز نہ سن لیں، انہیں اپنا حال نہ بتائیں اور ان سے ان کا حال نہ پوچھیں، سرفراز اپنے میچ کی شروعات نہیں کرتے ہیں۔
دل کا سکون، اطمینان اور راحت کپتان کو اسی وقت آتی ہے، جب وہ اپنے کپتان یعنی اپنی والدہ کی آواز نہ سن لیں، عامر لیاقت سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز نے انہی جذبات کا اظہار کیا تھا کہ اگر امی کا نمبر نہیں لگ پاتا تو بھائی بہن کے موبائل فون کے ذریعے امی سے بات کرتا ہوں۔
جویریہ صدیقی:
سوشل میڈیا پر کیے گئے پوسٹ میں جویریہ کا کہنا تھا کہ کل میں نے عدت میں روضہ رسول ﷺ کی زیارت کی، یہ زیارت مومنہ جی کے توسط سے کی گئی تھی۔
ساتھ ہی ارشد کی بیوہ نے کہا کہ میں نے معاملہ نبی پاک ﷺ کے حوالے کیا، وہی مجھے ارشد شریف کے لیے انصاف لے کر دیں۔
اس سے پہلے جویریہ نے کئی بار سوشل میڈیا پر ارشد شریف کو انصاف دلانے کے لیے کئی بار اپیل بھی کی جبکہ وہ اپنے کالم کے ذریعے بھی انصاف کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔
تاہم اب باقاعدہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی جانب سے سوموٹو لیا گیا ہے، جس کے بعد جویرہ بھی پُر امید ہیں کہ ان کے شہید شوہر کو انصاف مل پائے گا، دوسری جانب روضہ رسول ﷺ پر کی گئی دعا قبول ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
شہباز شریف:
وزیر اعظم پاکستان اور مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف بھی اپنے دلچسپ انداز کی وجہ سے خبروں میں تو رہتے ہی ہیں، لیکن شہباز شریف اپنی بیٹی کے لیے شدید پریشان ہو گئے تھے۔
پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شہباز شریف کی بیٹی رابعہ اور ان کے داماد کو 2021 میں اُس وقت کی حکومت نے الزامات کی بنا پر کیسسز بنائے تھے، جس کے بعد ان کی بیٹی اور داماد مشکل میں بھی پڑ گئے تھے۔
بیٹی کے لیے والد شدید پریشان تھے، کیونکہ لخت جگر کا نام میڈیا پر آنا اور وہ ایسی صورت میں جب وہ خود میڈیا پر نہیں آتیں، والد کو تکلیف دے رہا تھا۔
عامر لیاقت حسین:
مشہور ٹی وی ہوسٹ اور پاکستان کی سیاست کا ایک نام، عامر لیاقت حسین۔ جن کی پُر اثر شخصیت نے جہاں کروڑوں ناظرین کے دل موہ لیے، وہیں ہر زبان پر رمضان کے مہینے میں عامر لیاقت حسین ہی ہوتے تھے۔
لیکن یہ خوبصورت ستارہ اُس وقت سب کو اداس کر گیا، جب ان کی تیسری بیوی نے انہیں دھوکہ دیا، تو خود عامر بھی افسردہ ہو گئے تھے، ان کا دل ٹوٹ گیا تھا، مگر آخری وقت تک وہ اپنی تیسری بیوی کو مناتے دکھائی دیے۔
عامر لیاقت اس دنیا سے تو چلے گئے تھے، مگر یہ تاثر دیا جا رہا تھا کہ پہلی بیوی اور ان کے بچے والد سے ناراض تھے۔ مگر جس طرح بیٹے احمد نے والد کا جنازہ پڑھایا، اور بیٹی اور سابقہ اہلیہ نے عامر کو انصاف دلانے کے لیے آواز بلند کی، اس نے بھی سب کو جذباتی کر دیا تھا۔
ثانیہ عاشق کا شمار ان نوجوان سیاست دانوں میں ہوتا ہے جو کہ اپنے منفرد انداز کی وجہ سے سب کی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما اپنی مسلسل جدوجہد کی بدولت اب پنجاب اسمبلی میں رکن ہیں۔
ثانیہ اپنے والد سے متعلق بتاتی ہیں کہ میرے والد کو کینسر تھا اور کینسر کی تشخیص کے دو ماہ بعد ہی انتقال کر گئے۔ ثانیہ بتاتی ہیں کہ والد کی ایک تصویر ان کے پاس ہے جو انہیں ہمت اور حوصلہ دیتی ہے۔ نیب میں مریم نواز کی پیشی کے دنوں میں ثانیہ کے والد کا انتقال ہوا تھا۔ ثانیہ کے والد کا 2019 میں انتقال ہوا تھا اور 2022 میں ثانیہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئیں۔