گل پلازہ ریسکیو آپریشن جاری،جب تک لاپتا افراد نہیں ملتے عمارت نہیں گرائی جائے گی، ڈی سی ساؤتھ

image

گل پلازہ میں پیش آنے والے سانحے کے پانچویں روز بھی ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری ہے ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے واضح کیا ہے کہ جب تک ایک بھی لاپتا شخص موجود ہے اس وقت تک عمارت کو نہیں گرایا جائے گا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے بتایا کہ گل پلازہ میں ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے اور حکام کی کوشش ہے کہ ملبے سے نکالی گئی لاشوں کی جلد از جلد شناخت ممکن بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہوچکی ہے جبکہ ملبے سے نکلنے والے 17 افراد کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے، اب تک 11 افراد کی شناخت مکمل کی جا چکی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق 85 افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 39 لاپتا افراد کی لوکیشن گل پلازہ کی عمارت میں آئی ہے تاہم بلڈنگ کے کچھ حصے ایسے ہیں جہاں ریسکیو ٹیمیں ابھی تک نہیں پہنچ سکیں۔ گرے ہوئے حصوں سے ملبہ ہٹانے کا عمل مشینری اور دستی دونوں طریقوں سے جاری ہے، تاہم بھاری ملبے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔

جاوید نبی کھوسو نے مزید بتایا کہ عمارت کے اندر اب بھی دھواں اور شدید گرمائش موجود ہے، جس کے باعث کولنگ کا عمل بھی ساتھ ساتھ جاری رکھا جا رہا ہے۔ جہاں تک رسائی ممکن ہو رہی ہے وہاں سرچ کیا جا چکا ہے اور تکنیکی معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاط کے ساتھ ریسکیو اور سرچ آپریشن آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاپتا افراد کی فہرست میں کچھ نام دہری اندراج کی وجہ سے شامل ہو گئے ہیں جن کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ کسی قسم کی جلد بازی نہیں کی جا رہی کیونکہ یہ انسانی جانوں کا معاملہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک ایک بھی لاپتا شخص موجود ہے عمارت کو نہیں گرایا جائے گا اور جب تمام کارروائی مکمل ہو جائے گی تب پوری عمارت کو منہدم کیا جائے گا۔

ڈی سی ساؤتھ نے یہ بھی بتایا کہ ساتھ واقع رمپا پلازہ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) سے رمپا پلازہ کے نقشے اور دیگر متعلقہ دستاویزات طلب کر لی گئی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US