آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ بھی ہو تو پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا: اسحاق ڈار

image

پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ’عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ ہو یا نہ ہو پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔‘

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعرات کو اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے اور ایسی خبریں نہ پھیلائی جائیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’آئی ایم ایف کے ساتھ، یا آئی ایم ایف کے بغیر پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔‘

اسحاق ڈار کے مطابق ’پاکستان نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں۔ آئی ایم ایف مزید وقت لینا چاہتا ہے تو لے۔ تین ارب 70 کروڑ ڈالر کی ادائیگیاں جون میں کر دی جائیں گی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’دوست ممالک کی جانب سے فنانسنگ کے وعدے کیے گئے جو جلد پورے ہوں گے۔‘

دوسری طرف ملک میں سیاسی اور معاشی صورت حال کے باعث روپے کی قدر میں مزید کمی ہوئی ہے۔

جمعرات کو پاکستان کی انٹربینک مارکیٹ میں لگاتار دوسرے روز بھی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جمعرات کو انٹربینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 8.71 روپے کا کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 298.93 روپے ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ بدھ کو بھی پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 5.38 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US