فوج میں کسی نے استعفیٰ دیا نہ حکم عدولی کی: ڈی جی آئی ایس پی آر

image

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’فوج میں کسی نے استعفیٰ نہیں دیا نہ کسی نے حکم عدولی کی۔‘

جیو ٹی وی  پر شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اندرونی اور بیرونی پروپیگنڈے کے باوجود فوج متحد ہے اور رہے گی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’آرمی چیف اور ان کے ساتھ پوری عسکری قیادت دل و جان سے جمہوریت پر یقین کرتی ہے اور کرتی رہے گی۔‘

’اندرونی شرپسندوں اور بیرونی دشمنوں کے باوجود فوج متحد ہے۔ پاک فوج کو تقسیم کرنے کا خواب، خواب ہی رہے گا۔‘

میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے ملک میں مارشل لا کی افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’مارشل لا کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔‘

واضح رہے کہ بدھ کو آئی ایس پی آر نے عمران خان کی گرفتاری کے بعد توڑپھوڑ اور پرتشدد مظاہروں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’چیئرمین تحریک انصاف کو نیب کے اعلامیے کے مطابق ہائی کورٹ سے سے قانون کے مطابق حراست میں لیا گیا۔‘

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ ’9 مئی کا دن ایک سیاہ باب کی طرح  یاد رکھا جائے گا۔‘

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ ’اس گرفتاری کے فوراً بعد ایک منظم طریقے سے آرمی کی املاک اور تنصیبات پر حملے کرائے گئے اور فوج مخالف نعرے بازی کروائی گئی۔‘

’ایک طرف تو یہ شرپسند عناصر عوامی جذبات کو اپنے محدود اور خود غرض مقاصد کی تکمیل کے لیے بھرپور طور پر ابھارتے ہیں اور دوسری طرف لوگوں کی آنکھوں میں دُھول ڈالتے ہوئے ملک کے لیے فوج کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتے نہیں تھکتے جو کہ دوغلے پن کی مثال ہے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’جو کام ملک کے ابدی دشمن 75 سال نہ کرسکے وہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا ایک سیاسی لبادہ اوڑھے ہوئے گروہ نے کر دکھایا ہے۔‘


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US