سوات: مینگورہ کے سکول میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے ایک بچی ہلاک، 6 زخمی

image
خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے شہر مینگورہ کے ایک نجی سکول میں تعینات پولیس اہلکار کی فائرنگ سے ایک بچی ہلاک جبکہ دیگر پانچ زخمی ہوگئی ہیں۔

ڈی پی او سوات شفیع اللہ گنڈاپور کے مطابق ’سکول کے گیٹ پر تعینات پولیس اہلکار نے وین پر فائرنگ کی جس سے ایک بچی کی جان چلی گئی جبکہ دیگر پانچ بچیاں زخمی ہوگئیں۔‘

 

شفیع اللہ گنڈاپور نے اردو نیوز کے نامہ نگار فیاض احمد کو بتایا کہ ’فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار عالم خان کو اسلحے سمیت حراست میں لے لیا گیا۔‘

ڈی پی او سوات کا مزید کہنا ہے کہ ’پولیس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے کہ آیا پولیس اہلکار کسی نفسیاتی مسئلے کا شکار تھا یا کوئی اور وجہ ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’زخمی بچوں کو طبی امداد کے لیے سیدو شریف ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔‘

آئی جی پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات گنڈاپور نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ترجمان سوات پولیس ریجنل پولیس افسر ملاکنڈ ناصر محمود ستی، ڈسٹرکٹ پولیس افسر سوات شفیع اللہ گنڈاپور اور ڈپٹی کمشنر سوات عرفان اللہ وزیر نے سیدو شریف ہسپتال کا دورہ کیا۔

پولیس افسران نے سیدو شریف ہسپتال میں فائرنگ سے زخمی ہونے والی بچیوں کی عیادت کی۔

آر پی او ملاکنڈ نے ہسپتال انتظامیہ کو زیرعلاج بچوں کو تمام سہولیات مہیا کرنے کے احکامات جاری کیے۔ 

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US