آئی ایم ایف کے تحفظات: حکومت نے سستا پیٹرول دینے کی سکیم روک دی

image

وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ غریب صارفین کے لیے پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی سکیم پر عمل درآمد آئی ایم ایف کے تحفظات دور کرنے تک موخر کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ کہ غریب صارفین کے لیے پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی ایک اچھی سکیم تھی، غریب کو سہولت دینا اور امیر سے پیسے لینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔

’اس پر وقتی طور پر عملدرآمد روکا گیا ہے اور اس پر آئی ایم ایف کو مطمئن کریں گے۔ُ‘

خیال رہے پٹرولیم سبسڈی سکیم کے اعلان کے بعد آئی ایم ایف کے اسلام آباد میں ریذیڈنٹ ریپریزنٹیٹو نے کہا تھا کہ حکومت نے اس سکیم پر فنڈ سے مشاورت نہیں کی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں مصدق ملک نے کہا کہ جب عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں کم ہوتی ہیں تو عوام کو ریلیف دیا جاتا ہے۔

’پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے، موجودہ حکومت کے دور میں کوئی گیس کنکشن نہیں دیا گیا، ملک میں گیس کے ذخائر کم ہو رہے ہیں۔‘

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ روس سے تیل درآمد کیا جا رہا ہے اور ہم بین الحکومتی معاہدے کر رہے ہیں۔

’پچھلی حکومت صرف باتیں کرتی رہی، عملی طور پر کچھ نہیں تھا، ہم نے چار ماہ میں معاہدہ کر لیا ہے، اس سے تیل کی قیمت کم ہو گی، عوام کو سہولت دی جائے گی، جلد ہی نئی ریفائنری پالیسی کا اعلان ہو گا۔‘

وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ 10 سے 14 ارب ڈالر کی لاگت سے نئی ریفائنری قائم کی جائے گی۔

’ہم نے موسم سرما میں 20 سے 30 ہزار ٹن اضافی ایل پی جی منگوائی تاکہ اس کی ملک میں کمی نہ ہو، جامع انرجی سکیورٹی پر کام ہو رہا ہے اور اس سلسلہ میں جلد ایک منصوبہ شروع کیا جائے گا۔‘

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US