پی ٹی آئی کے 72 اراکینِ قومی اسمبلی کے استعفے قبول کرنے کا نوٹیفکیشن معطل

image

پاکستان کے صوبہ پنجاب کی ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے 72 اراکینِ قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے سپیکر اور الیکشن کمیشن کی جانب سے استعفوں کی منظوری کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ وہ تمام اراکین جنہوں نے استعفے دیے تھے وہ اگر اپنے استعفے واپس لینا چاہتے ہیں یا منظور کروانا چاہتے ہیں تو وہ سپیکر کے سامنے ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔

لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد کریم نے تحریک انصاف کے 72 اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کے منظوری کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنایا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں استعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے کر اراکین کو سپیکر کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کر دی، جبکہ عدالت نے اپنے فیصلے میں سپیکر قومی اسمبلی کو تمام ممبران کو دوبارہ سن کر فیصلہ کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔

درخواست گزاروں کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’لاہور ہائیکورٹ نے تاریخ ساز فیصلہ دیا ہے، اس فیصلے سے سیاسی بحران بھی حل ہوگا، عمران خان قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے طور پر قوم کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔‘

تحریک انصاف کے 72 اراکین قومی اسمبلی نے استعفوں کے منظوری کے نوٹیفکیشن کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر کے منظوری کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی تھی۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US