تاحال پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں مگر مستقبل کا نہیں پتا: تیمور جھگڑا

image
خیبر پختونخوا کے سابق وزیر خزانہ نے تیمور سلم جھگڑا نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے جب سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کا اعلان کیا تو عمران خان نے اُن کے مدارس کے باہر احتجاج کا فیصلہ کیا تھا۔

تیمور سلیم جھگڑا نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سابق رہنما فیاض الحسن کے الزامات  کی تصدیق کی، تاہم کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین کی جانب سے ویڈیو میٹنگ کے دوران مدارس کے باہر احتجاج کا اعلان صرف ایک سیاسی حکمت عملی تھی۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کر رہے تھے تو خان صاحب نے جمیعت کے مدارس کے باہر اپنا احتجاج ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا مگر بعد میں صلاح مشورے سے احتجاج کا فیصلہ واپس لیا گیا۔

پنجاب سے مستعفی ہونے والے سابق رہنما فیاض الحسن چوہان نے الزام لگایا تھا کہ عمران خان نے تمام رہنماؤں کو انتشار پھیلانے کی ہدایت کی اور خیبرپختونخوا کے مدارس کے باہر احتجاج کی ہدایت دی تھی جس کے بعد انہوں نے پارٹی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’مولانا فضل الرحمان جمیعت کے مدارس سیاست کے لیے استعمال کر رہا ہے اس لیے خان صاحب نے بھی علامتی احتجاج کرنا چاہا مگر اس فیصلے پر نظرثانی کے بعد احتجاج منسوخ کر دیا گیا۔‘

سابق وزیر تیمور سلیم جھگڑا کے مطابق ’عمران خان نے ہمیں ٹویٹ کرنے کی بھی ہدایت کی تھی مگر بعد میں ٹویٹ بھی نہیں کی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ فیاض الحسن چوہان کل تک عمران خان کے وفادار تھے اور آج الزامات لگا رہے ہیں۔ ’نہ عمران خان نے جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب دی اور نہ ہم نے کبھی توڑ پھوڑ کی حمایت کی۔‘

سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ ’ہم پر دہشت گردی کے مقدمات درج کیے گئے ہیں، اگر ایک میں ضمانت ہوئی تو دوسرے کیس میں جیل میں ڈال دیا جائے گا۔‘

تیمور جھگڑا کے مطابق وہ سابق وزیراعلٰی محمود خان سے رابطے میں ہیں اور حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)

کیا پی ٹی آئی کو چھوڑ رہے ہیں؟سابق صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا نے موقف اپنایا کہ ’میں پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں مگر مجھے آگے کا نہیں پتا کہ کیا ہوگا۔ جو پارٹی چھوڑ کر جا رہے ہیں وہ بہت مجبوری میں یہ فیصلہ کر رہے ہیں۔ اس وقت ایک غیر یقینی سی صورتحال ہے مگر مجھے یقین ہے کہ ہم کامیاب ہوں گے۔‘

انہوں نے بتایا کہ وہ سابق وزیراعلٰی محمود خان کے ساتھ رابطے میں ہیں اور حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

پی ٹی آئی کو چھوڑ کر کون کون جا رہا ہے؟ اردو نیوز کے سوال پر پی ٹی آئی کے رہنما تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بیشتر رہنما عمران خان کا ساتھ دیں گے اور آخر تک وفاداری کا ثبوت دیں گے۔

’اب دیکھنا ہے کہ کس حد تک ہمیں مجبور کیا جاتا ہے پارٹی چھوڑنے کے لیے لیکن ہم ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US