برازیل میں مقابلہ حسن: اہلیہ کے نہ جیتنے پر شوہر نے ماڈل کا تاج توڑ دیا

image
 برازیل میں ہونے والے مقابلہ حسن میں اہلیہ کے دوسرے نمبر پر آنے پر شوہر نے ماڈل کا تاج توڑ دیا۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق اس حیران کر دینے والے واقعے میں مقابلہ حسن میں حصہ لینے والی خاتون کے شوہر نے ان کے دوسرے نمبر پر آنے پر غصے میں سٹیج پر آکر مقابلہ جیتنے والی خاتون کا تاج توڑ دیا۔

مقامی خبر رساں ایجنسی گلوبو کے مطابق یہ واقعہ سنیچر کے روز برازیل کے مقابلہ حسن میں پیش آیا۔

مقابلہ حسن جیتنے والی خاتون کا تاج توڑنے والے شخص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون فائنل میں پہنچنے والی نتھالی بیکر اور ایمانیولی بیلینی میں سے کسی ایک کو تاج پہنانے لگتی ہیں۔ 

جیسے ہی وہ ایمانیولی بیلینی کو تاج پہنانے لگتی ہیں، اس سے پہلے دوسرے نمبر پر آںے والی نتھالی بیکر کے شوہر سٹیج پر آکر ان کے ہاتھ سے تاج کھینچ کر زمین پر پھینک دیتے ہیں۔

اس کے علاوہ ویڈیو میں ناراض شوہر کو چیختے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے اور صرف یہی نہیں اپنی اہلیہ کو پکڑ کر اپنے ساتھ لے جاتے ہوئے انہوں نے ایک مرتبہ پھر تاج زور سے زمین پر مارا جس سے وہ ٹوٹ گیا۔

اس دوران مقابلہ جیتنے والی امیدوار سمیت تمام حاضرین ششدر رہ گئے۔

اہلیہ کو ساتھ لے جاتے ہوئے ناراض شوہر نے دوبارہ تاج کو زور سے زمین پر دے مارا (فائل فوٹو: سکرین گریب)

 نیو یارک پوسٹ کے مطابق اس معاملے میں مقابلے کی سکیورٹی ٹیم نے مداخلت کرتے ہوئے تاج توڑنے والے شخص کو سٹیج کے پیچھے پکڑ لیا۔

مقابلہ حسن کی کوارڈینیٹر مَلونی ہینسیچ کہتی ہیں کہ ’انہوں نے نتیجے کو جائز نہیں مانا اور اس وجہ سے یہ توڑ پھوڑ کی۔‘

وہ مزید کہتی ہیں کہ ’ہم مقابلہ حسن میں تاج پوشی کے وقت پیش آنے والے اس واقعے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔‘

منتظمین نے اس بات پر زور دیا کہ مقابلہ حسن کے جج بیلینی کو فاتح قرار دینے میں حق بجانب تھے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US