نو مئی کے واقعات، پنجاب کی جیلوں میں 11 خواتین قید ہیں: نگراں وزیراعلٰی

image

صوبہ پنجاب کے نگراں وزیراعلٰی محسن نقوی نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد ہونے والی گرفتاریوں میں سے 11 خواتین پنجاب کی جیلوں میں قید ہیں۔ 

بدھ کو لاہور میں نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ خواتین پر تشدد سے متعلق خبریں سامنے آنے کے بعد انہوں نے پنجاب کی جیلوں کا معائنہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جیلوں میں خواتین کے ساتھ نامناسب سلوک نہیں ہوا۔

’کل 11 خواتین ہمارے پاس ہیں۔ ہم بھی ماؤں بہنوں والے ہیں۔ ہم نے چار مرتبہ چیک کیا۔ ہم ان خواتین سے ملوا نہیں سکتے ورنہ میرا دل ہے کہ آپ کو ملوا لیں اور آپ خود پوچھ لیں۔‘

ان سے سوال کیا گیا کہ 25 افراد ہلاک ہوئے تو اس پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہلاکتوں سے متعلق عمران خان لسٹ فراہم کریں۔

’اگر 25 لوگ ہلاک ہوئے تو ان کی فہرست بھی ہو گی، نام بھی ہوں گے ان کے جنازے بھی ہوئے ہوں گے، وہ کہیں نہ کہیں کے رہائشی بھی ہوں گے۔ صرف ان کے نام دے دیں کہ ہمارے بھی علم میں آئے۔‘

اس سے قبل منگل کو لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا تھا کہ ’9 مئی کے بعد جیلوں میں جانے والی خواتین کے ساتھ تشدد کے الزامات غلط ہیں، جیل میں کسی خاتون پر کوئی تشدد نہیں کیا گیا۔‘

انہوں نے بتایا تھا کہ ’جیلوں میں 150 سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہیں اور لیڈی ڈاکٹرز بھی موجود ہیں۔‘

ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ ’اگر جیل میں ایک بھی خاتون کے ساتھ زیادتی ہوئی تو اس کے ذمہ دار ہم ہوں گے۔‘


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US