کراچی میں پولیس نے سماجی کارکن جبران ناصر کے اغوا کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
جمعے کو جبران ناصر کی اہلیہ منشا پاشا کی مدعیت میں کراچی کے کلفٹن تھانے میں درج کیا گیا ہے۔
جبران ناصر کی اہلیہ اور سول سوسائیٹی کی جانب سے آج بروز جمعہ چار بچے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے کی بھی کال دے رکھی ہے۔
دوسری جانب ترجمان حکومت سندھ مرتضی وہاب نے ٹوئٹر پر سماجی کارکن جبران ناصرکے اغوا کے مقدمہ کی ایف آئی آر شئیر کی ہے۔
یاد رہے کہ جمعرات اور جمعے کے درمیانی شب منشا پاشا نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ان کے شوہر جبران ناصر کو تقریباً 15 نامعلوم افراد اسلحے کے زور پر اپنے ہمراہ لے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں جبران ناصر کے جونئیر وکیل سندھ ہائی کورٹ پہنچے تھے۔ ان کی جانب سے جبران ناصر کی بازیابی کے لیے پٹیشن فائل کرنی تھی تاہم اب تک ان کی جانب سے پٹیشن داخل نہیں کئی گئی ہے۔
خیال رہے جبران ناصر وکیل ہیں اور سماجی کاموں اور انسانی حقوق کے لیے آواز اٹھانے کے لیے معروف ہیں۔ 2013 اور 2018 کے عام انتخابات میں انہوں نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ بھی لیا تھا۔