خیبر پختونخوا حکومت نے بھنگ کی کاشت کو قانونی حیثیت دینے پر غور شروع کردیا ہے، جس کے تحت کاشت پر ایکسائز ڈیوٹی عائد ہوگی اور لائسنس جاری کیے جائیں گے۔
ڈی جی ایکسائز عبدالحلیم خان کی زیر صدارت اجلاس میں کمیٹی ممبران نے بھنگ کی کاشت اور پروسیسنگ کے لیے قواعد و ضوابط پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ادویات میں استعمال کے لیے 5 ایکڑ رقبے پر کاشت کی فیس 6 لاکھ روپے ہوگی۔ لائسنس حاصل کرنے والی صنعت کو سیڈ رجسٹریشن، سرٹیفیکیشن اور وفاقی معاملات کی ذمہ داری دی جائے گی جبکہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ایکسائز کاشت اور پروسیسنگ پر کڑی نگرانی کرے گا۔
ذیلی کمیٹی نے لائسنس کی مدت 3 سے 5 سال مقرر کرنے کی تجویز دی، جبکہ سیکیورٹی اور مانیٹرنگ کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے شامل کرنے کی سفارش بھی کی گئی۔
ورکنگ گروپ میں شعبہ فارمیسی پشاور یونیورسٹی اور فارماسیوٹیکل کمپنی کے نمائندے شامل کیے گئے تاکہ بھنگ کی قانونی کاشت کے لیے دستاویزات کو حتمی شکل دی جاسکے۔