بیرون ممالک سے پاکستان آنے والوں کے لیے کورونا ویکسین کا سرٹیفیکیٹ دکھانے کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق کورونا وائرس سے متعلق حفاظتی اقدامات کی پالیسی میں تبدیلی کے بعد پاکستان میں داخلے پر سرٹیفیکیٹ کی شرط ختم کی گئی ہے۔پاکستان آنے والے مسافروں کو بورڈنگ سے پہلے یا آمد پر کورونا کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔برطانیہ، خلیجی و دیگر ممالگ سے آنے والے مسافروں میں سے دو فیصد کی سکریننگ بھی ختم کر دی گئی ہے۔خیال رہے کہ اکتوبر 2021 میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا سے متعلق نئی سفری ہدایات جاری کی تھیں جن کے تحت صرف مکمل ویکسین شدہ افراد کو پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت تھی۔ہدایات کے مطابق اٹھارہ سال اور اس سے زیادہ عمر کے افراد کو بیرون ممالک سے پاکستان سفر کرنے پر مکمل ویکسین لگوانے کا ثبوت دکھانا ہوتا تھا جبکہ 18 سال سے کم عمر کے افراد کو بغیر ویکسین سرٹیفیکیٹ کے بھی پاکستان کا سفر کرنے کی اجازت تھی۔کورونا کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے حکومت نے حفاظتی اقدامات اٹھائے تھے جن کے تحت سفری ہدایات بھی جاری کی تھیں۔