پاکستان نے عالمی انسانی اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی درخواست پر انٹرپول کے ذریعے 30 خطرناک انسانی اسمگلرز کے ریڈ وارنٹس جاری کرا دیے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ پہلی بار ہے کہ پاکستان کی جانب سے انسانی اسمگلرز کے خلاف بین الاقوامی سطح پر ریڈ وارنٹس حاصل کیے گئے ہیں۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ مطلوب اسمگلرز دبئی، لیبیا، مصر اور قطر میں سرگرم تھے اور کمزور شہریوں اور نوجوانوں کو استحصال کا نشانہ بنا رہے تھے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
بین الاقوامی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایف آئی اے نے مسقط، تہران اور ایتھنز میں لائژن دفاتر قائم کر دیے ہیں جو باقاعدہ طور پر فعال ہوچکے ہیں۔