وزارتِ مذہبی امور نے حج 2026 کے لیے 880 معاون عملے کی بھرتی کا اعلان کر دیا ہے۔ وزارت کے ترجمان کے مطابق گریڈ 17 اور 18 کے افسران، جن کی عمر 25 سے 50 سال کے درمیان ہو، حجاج کرام کی خدمت کے لیے اہل ہوں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ گریڈ 11 سے 16 تک کے ملازمین، جن کی عمر 18 سے 50 سال ہو، فیلڈ اسسٹنٹ کے طور پر درخواست دے سکیں گے۔ تاہم کمزور جسمانی فٹنس یا ہائی بلڈ پریشر، شوگر اور دل کے امراض میں مبتلا امیدوار اہل نہیں ہوں گے۔
وزارت کے مطابق تحریری امتحان میں کامیاب امیدواروں کو پانچ کلومیٹر دوڑ بھی مکمل کرنا ہوگی۔ منتخب معاون عملہ حجاج کرام کی روانگی سے لے کر واپسی تک خدمات انجام دے گا، جس میں ایئرپورٹ پر رہنمائی، رہائش، ٹرانسپورٹ، مذہبی امور اور مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ میں طبی معاونت شامل ہے۔