یونان حادثہ: پاکستانیوں کو ’زبردستی کشتی کے نچلے‘ حصے میں رکھا گیا

image
یونان کے ساحل پر ڈوبنے والی کشتی میں زندہ بچ جانے والے تارکین وطن نے کوسٹ گارڈز کو بتایا ہے کہ پاکستانی شہریوں کو زبردستی کشتی کے نچلے حصے جبکہ دیگر ملکوں کے شہریوں کو کشتی کے اوپر والے حصہ میں رکھا گیا تھا۔

برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق ڈوبنے والی کشتی کے بارے میں خوفناک تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ ایسے سوالات بھی اٹھ رہے ہیں کہ یونانی کوسٹ گارڈ نے اس سانحے میں اپنے کردار کو ’چھپا‘ دیا ہے۔

تقریباً 500 افراد کے لاپتہ ہونے کا خدشہ ہے۔ زندہ بچ جانے والے تارکین وطن کا کہنا ہے کہ ’خواتین اور بچوں کو سامان رکھنے والی جگہ پر ’بند‘ رکھا گیا جبکہ پاکستانی شہریوں کو نیچے رکھا گیا تھا۔ جب وہ کشتی کے اوپر والے حصے میں تازہ پانی کے لیے آتے یا وہ اپنی جگہ سے نکلنے کی کوشش کرتے تو عملہ ان کے ساتھ بدسلوکی کرتا۔‘

کہا جا رہا ہے کہ زندہ بچ جانے والے افراد میں عورتیں اور بچے نہیں۔

سنیچر کو پاکستان سے موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق حادثے میں اس کے سینکڑوں شہریوں کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔

مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ کم سے کم 298 پاکستانی ہلاک ہوئے جن میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے 135 شہری شامل تھے۔

اندازے کے مطابق کشتی میں تقریباً 400 پاکستانی سوار تھے۔ وزارت خارجہ نے اب تک 78 تارکین وطن میں سے 12 پاکستانیوں کے زندہ بچنے کی تصدیق ہے۔

مراکشی نژاد اطالوی سوشل ورکر نوال صوفی نے کہا کہ مسافر کشتی ڈوبنے سے ایک دن قبل مدد کی التجا کر رہے تھے۔

’میں گواہی دے سکتی ہوں کہ وہ لوگ زندہ بچنے کے لیے کسی بھی ادارے سے مدد مانگ رہے تھے۔‘ تاہم ان کا بیان یونانی حکومت کے بیان سے متصادم ہے جس نے کہا تھا کہ مسافروں نے کوسٹ گارڈ سے مدد کی درخواست نہیں کی کہ وہ اٹلی جانا چاہتے ہیں۔

بہتر مستقبل کی خاطر تارکین وطن بحیرہ روم کے ذریعے اٹلی پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی) 

نئے بیانات سے یہ معلوم ہوا ہے کہ کشتی کا انجن ڈوبنے سے کئی دن پہلے خراب ہو گیا تھا جس سے اس بات کا امکان پیدا ہوتا ہے کہ عملے نے مدد مانگی ہو گی۔

کوسٹ گارڈ کو ایک تارک وطن نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ ’ہم نے جمعے کو علی الصبح سفر شروع کیا۔ تقریباً 700 افراد کشتی میں سوار تھے۔ ’ہم تین دن سے سفر کر رہے تھے اور پھر انجن خراب ہو گیا۔‘

کشتی بدھ کی صبح الٹ گئی تھی اور کوسٹ گارڈز کی جانب سے کشتی کو رسی سے باندھنے کی کوشش کی گئی تھی تاہم یونانی حکام نے ان الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔

پہلے کوسٹ گارڈ نے کہا تھا کہ اس نے کشتی سے فاصلہ رکھا لیکن جمعے کو حکومت کے ترجمان نے تصدیق کی کہ کشتی کو سمندر میں مستحکم کرنے کے لیے کوسٹ گارڈز کی جانب سے رسی پھینکی گئی تھی۔

یہ سوالات بھی ہو رہے ہیں کہ آیا یونانی کوسٹ گارڈ کو اس پرانی کشتی کو حادثے سے محفوظ رکھنے کے لیے مداخلت کرنی چاہیے تھی؟

یونانی حکام لاپتہ افراد کی تلاش کر رہے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

حکام نے تصدیق کی ہے کہ منگل کی دوپہر سے گشت کرنے والی کشتیاں اور کارگو بحری جہاز اس کشتی کے قریب سے جارے رہے تھے۔

پاکستان کے وزیراعظم کی انکوائری کی ہدایتپاکستان کے وزیر شہباز شریف نے یونان میں حادثے کی شکار کشتی میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو انکوائری کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں حکام سے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد خلاف گھیرا تنگ کیا جائے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US