وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امید ہے آئی ایم ایف پروگرام کے نکات پر ہم آہنگی جلد فیصلے کی شکل اختیار کرے گی۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کی علی الصبح آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹلینا جورجیوا سے ٹیلی فون پر بات کی۔وزیراعظم اور آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر نے آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے امور پر گفتگو کی۔بیان کے مطابق آئی ایم ایف کی ایم ڈی نے وزیراعظم شہباز شریف سے پیرس میں ہونے والی ملاقاتوں کے تناظر میں وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرنے کے حوالے سے کوششوں کا اعتراف کیا۔شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ ’آئی ایم ایف پروگرام کے نکات پر ہم آہنگی آئندہ ایک دو دن میں آئی ایم ایف کے فیصلے کی شکل اختیار کرے گی۔‘انہوں نے معاشی صورتحال کی بہتری کے اہداف مشترکہ کوششوں سے حاصل کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹلینا جورجیوا کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال کی بہتری چاہتے ہیں۔