اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ عید الاضحٰی کے پہلے دن یعنی جمعرات کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
موسم کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعرات کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہے گا جب کہ پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، بالائی اور زیریں سندھ، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں/ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اسی دوران بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
رپورٹ کے تحت عید کے دوسرے دن یعنی جمعہ کو خیبر پختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان، اپر سندھ اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں تیز ہواؤں/ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ عید کے تیسرے روز بھی خیبر پختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان، اپر سندھ اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں تیز ہواؤں/ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔