آئی ایم ایف سے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط وسط جولائی میں ملے گی: شہباز شریف

image

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے سے پاکستان کو تین ارب ڈالر ملیں گے جس میں سے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط وسط جولائی میں ملے گی۔

پیر کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کا معاہدہ بے پناہ کاوشوں کے باعث منطقی انجام تک پہنچا اور آئی ایم ایف کے ساتھ 9 ماہ کا سٹینڈ بائی معاہدہ ہوا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’چین نے گذشتہ چند ماہ میں مشکل صورتحال میں بھرپور مدد کی، چین نے قرضوں کی رول اوور اور کمرشل بینکوں سے قرضوں کی فوری واپسی کے ذریعے تقریباً 5 ارب ڈالر پاکستان کو دیے، حالیہ کمرشل قرضے ہم نے وقت سے پہلے ادا کیے، انہوں نے فوری واپس قرضہ دے دیا۔‘

شہباز شریف نے کہا کہ ’ہم چین کی مدد کو کبھی نہیں بھول سکتے، ماضی میں بھی چین نے پاکستان کی بھرپور مدد کی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب نے دو ارب ڈالر کا یقین دلایا، سعودی عرب ہمارا دوست ہے اس نے ہمیشہ برے اور اچھے وقتوں میں پاکستان کا ساتھ دیا، میرے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے صدر کے ساتھ وفد کی سطح پر ملاقات کے دوران انہوں نے ایک ارب ڈالر دینے کا یقین دلایا ہے۔‘

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’دوست ممالک سے رقم کی یقین دہانی میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا اہم کردار ہے، یہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، سیاستدانوں اور اداروں کو آئندہ 15 سے 20 سال اپنے اپنے دائرہ میں رہتے ہوئے مل کر کام کرنا چاہیے۔‘

انہوں نے خبردار کیا کہ ’یہ لمحہ فخریہ نہیں بلکہ لمحہ فکریہ ہے اور ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ یہ آخری ڈیل ہو۔ معاہدے سے ہمیں سانس لینے کا موقع ملا ہے۔‘

انہوں نے سویڈن میں قرآن نذر آتش کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ اطمینان بخش امر ہے کہ او آئی سی نے ہنگامی اجلاس بلایا اور اس اجلاس میں اس گھناؤنی حرکت کی بھرپور مذمت کی اور مطالبہ کیا گیا کہ نہ صرف مجرموں کے خلاف بھرپور تادیبی کارروائی کی جائے بلکہ آئندہ کے لیے ایسے واقعات کی روک تھام ہونی چاہیے۔‘


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US