’مشکل ترین حالات میں سعودی عرب اور امارات نے جیسے مدد کی اسے کبھی نہیں بھولیں گے‘

image

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکل ترین حالات میں مدد کرنے پر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین کے مشکور ہیں۔

جمعے کو میانوالی میں چشمہ فائیو نیوکلیئر پاور پلانٹ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’ملک کو مشکل معاشی صورتحال سے نکالنے میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین نے جس طرح مدد کی پاکستانی عوام اسے کبھی نہیں بھولیں گے۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ افواہیں پھلائی جا رہی تھیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا تاہم چشمہ پاور پلانٹ جیسے منصوبوں کا افتتاح ان افواہوں کا جواب ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’48 سے 72 گھنٹوں کے دوران سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور آئی ایم ایف کی جانب سے پہلی قسط (ایک اعشاریہ دو ارب ڈالر) سمیت چار ارب ڈالر سٹیٹ بینک میں منتقل کر دیے گئے۔‘

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری کے بعد معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار ماہ میں چینی حکومت نے پاکستان کو مشکل معاشی دباؤ سے نکالنے کے لیے متعدد اقدامات کیے۔

چین کی مدد سے تیار ہونے والا منصوبہ چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ فائیو کی استعداد 1100 میگاواٹ سے بڑھا کر 1200 میگاواٹ کر دیا گیا ہے۔

حکومت پاکستان کی درخواست پر چینی کمپنی کی جانب سے پاور پلانٹ کی لاگت میں 30 ارب روپے کی کمی گئی ہے۔

چشمہ فائیو معاہدے پر 2017 میں دستخط ہوئے تھے جو گزشتہ پانچ برسوں سے التوا کا شکار رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ سات سے آٹھ سال میں مکمل ہو جائے گا اور میری ڈکشنری میں سات سے آٹھ سال کا مطلب سات سے آٹھ ماہ ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US