وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے سڈنی واقعہ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے غیر ملکی میڈیا سے کہا کہ سڈنی بیچ واقعہ پر بغیر شواہد اور تصدیق کے پاکستان مخالف پروپیگنڈا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے واقعہ کی شدید مذمت کی اور صدر مملکت اور وزیراعظم نے بھی بونڈائی بیچ واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ سڈنی واقعہ کے فوری بعد بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا نے بلا کسی ثبوت پاکستان پر الزام عائد کرنا شروع کر دیا۔ عطاء اللہ تارڑ نے افسوس کا اظہار کیا کہ کچھ مستند چینلز بھی اس ڈس انفارمیشن کا حصہ بن گئے اور ادارتی قوانین کی پاسداری نہ کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلوی پولیس کی تصدیق کے مطابق بونڈائی واقعہ کا ملزم تلنگانہ، حیدرآباد (بھارت) سے تعلق رکھتا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ 16 دسمبر سانحہ اے پی ایس کے باعث ہمارے لیے ہمیشہ اذیت ناک دن ہے، جب پشاور میں ننھے بچوں کو بربریت کا نشانہ بنایا گیا۔