پشاور: ’پاپا کی پری‘ اپنے والد کی قاتل کیسے بنی؟

image
پشاور کے علاقے گلبرگ میں قتل ہونے والے سرکاری نشریاتی ادارے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے کیمرہ مین واجد حسین کو ان کی اکلوتی بیٹی نے اپنے شوہر کے ساتھ مل کر قتل کیا۔

پشاور گلبرگ پولیس سٹیشن کو 10 جولائی کو گھر کے اندر لاش کی اطلاع ملی۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر دیکھا کہ ایک شخص کو انتہائی بے دردی سے چاقو کے وار کر کے قتل کیا گیا ہے۔

پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر کے کمرے سے تمام شواہد اکٹھے کیے۔ مقتول کی شناخت واجد حسین کے نام سے ہوئی جو پی ٹی وی میں کیمرہ مین تھے۔  پولیس نے کرائم سین اور سی سی ٹی وی کیمروں سے تفتیش کا آغاز کیا جس کے بعد انہیں گھر کے افراد پر شک ہوا۔

پولیس حکام نے قتل کی تفتیش میں قریبی رشتے داروں، گھر کے افراد، بیٹی اور داماد کو شامل کیا جس کے بعد قاتل تک رسائی ممکن ہوئی۔

قاتل کون نکلا؟ایس پی کینٹ وقاص رفیق نے اردو نیوز کو بتایا کہ بظاہر یہ ایک اندھا قتل تھا مگر ہم جدید سائنسی خطوط اور جامع تفتیش سے قاتل تک جا پہنچے۔ سرکاری ٹی وی کے کیمرہ مین واجد حسین کو اپنی ہی اکلوتی بیٹی نے شوہر کے ساتھ مل کر قتل کیا تھا اور بعد میں اسلام آباد فرار ہو گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملزمان نے پہلے بیان میں موقف اپنایا تھا کہ’وہ اس روز اسلام آباد میں تھے مگر کال ڈیٹا کی مدد سے ان کی لوکیشن گلبرگ ظاہر ہونے کے بعد پولیس نے میاں بیوی کو گرفتار کر لیا۔ دونوں نے اعتراف جرم کر لیا ہے جبکہ آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا۔‘

کچھ عرصے سے واجد حسین کا بیٹی کے ساتھ جائیداد اور پیسوں کا تنازع چل رہا تھا۔

پولیس کو دیے گئے بیان کے مطابق ملزمہ نے اپنے غریب شوہر کے لیے والد سے پیسوں کا مطالبہ کیا تھا مگر انہوں نے انکار کر دیا تھا۔

ایس پی کینٹ وقاص رفیق کا کہنا تھا کہ ’وقوعہ کے روز بیٹی اپنے شوہر کے ساتھ گھر آئی اور چاقو کے وار کر کے باپ کو موت کی نیند سلا دیا۔ ‘

انہوں نے بتایا کہ بیٹی کا شوہر مستری تھا جو معاشی لحاظ سے کمزور تھا اس لیے وہ باپ کو قتل کر کے دولت ہتھیانا چاہتی تھی۔

مقتول واجد حسین کے قریبی رشتہ دار نے اردو نیوز سے گفتگو کے دوران بتایا کہ واجد حسین کی دو بیویاں تھیں مگر دونوں کو اس نے طلاق دے دی تھی۔ دو بیویوں سے دو بیٹے اور ایک بیٹی تھی۔

رشتہ داروں کے مطابق مقتول کا اپنی بہنوں کے ساتھ بھی جائیداد کا تنازعہ چل رہا تھا۔

پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر دیکھا کہ ایک شخص کو انتہائی بے دردی سے چاقو کے وار کر کے قتل کیا گیا ہے۔ (فائل فوٹو: نیو یارک پوسٹ)

ملزمہ کا پولیس کو بیانپولیس نے ملزمہ بیٹی کا بیان بھی قلمبند کروایا جس کے مطابق والد واجد حسین پیسے گھر کے لاکر میں رکھ کر چابی اپنے پاس رکھا کرتے تھے۔

’وقوعہ کے روز ملزمان نے قتل کے بعد لاکر کھولنے کی بہت کوشش کی مگر کامیاب نہ ہو سکے۔ ملزمہ نے بتایا کہ انتہائی قدم کے لیے شوہر نے اکسایا تھا کیونکہ بے روزگاری کی وجہ سے وہ بھی پریشان تھا۔‘

مقتول کے بیٹے کہاں ہیں؟پولیس کے مطابق دونوں بیٹوں کی عمریں 16 سے 19 سال کے درمیان ہیں۔ اس دن دونوں اسلام آباد میں موجود تھے اور والد کے قتل کا سن کر پشاور آ گئے تھے۔

واجد اپنی اکلوتی بیٹی سے بہت پیار کرتا تھاواجد حسین کے ساتھی اور پاکستان ٹیلی ویژن کے ملازم امجد خان کا کہنا تھا کہ مقتول خوش اخلاق اور محنتی انسان تھا۔

انہوں نے بتایا کہ واجد نے اپنی بیٹی کی منگنی پر دفتر کے ساتھیوں کو دعوت پر بلایا تھا۔ وہ اس روز بہت خوش تھے، اپنے ساتھیوں سے ذکر کیا کہ میری ایک ہی بیٹی ہے اسی لیے دھوم دھام سے شادی کرنا چاہتا ہوں۔

امجد خان کے مطابق مقتول واجد اپنے گھریلو تنازعے کی وجہ سے پریشان تھا جس کا ذکر اپنے سینیئر کولیگ سے کرتا رہتا تھا۔

’واجد حسین کی قاتل اس کی بیٹی نکلے گی یہ سن کر ہمیں یقین نہیں آیا کیونکہ وہ اپنی بیٹی پر جان چھڑکتا تھا، اسے پیار سے پاپا کی پری کہہ کر پکارتا، کیا خبر تھی کہ وہی بیٹی جان لے گی۔‘

پی ٹی وی پشاور کے ملازمین کے مطابق واجد حسین سینیئر کیمرہ مین تھے جس کی مدت ملازمت پوری ہونے میں ڈیڑھ برس کا عرصہ باقی تھا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US