ن لیگ کا ڈیجیٹل سکلز ٹریننگ سیشن، ’میڈیا کو کوریج کی اجازت نہیں‘

image
پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے جمعے کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں واقع پارٹی کے سینٹرل سیکریٹریٹ میں پارٹی ورکرز اور بالخصوص نوجوانوں کے لیے ’ڈیجیٹل سکلز سیشن‘ کا انعقاد کیا گیا۔

اس حوالے سے ڈسٹرکٹ لاہور یوتھ کوارڈینیٹر اور سابق ممبر صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر نوجوانوں کو شرکت کی دعوت بھی دی تھی۔

انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ٹریننگ میں حصہ لینے والے خواہش مند نوجوان ماڈل ٹاؤن ن لیگ کے سیکریٹریٹ تشریف لے آئیں۔

اپنے ٹویٹ میں انہوں نے درخواست کی کہ ’پلیز اپنا نام اور نمبر ضرور لکھیں تاکہ آپ سے رابطہ کیا جا سکے۔‘

تاہم اردو نیوز نے جب اس سیشن میں شرکت کے خواہاں ورکرز سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ ان سے سیشن کے متعلق رابطہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی انہیں نمبر اور نام مہیا کرنے کے بعد مزید معلومات فراہم کی گئیں۔

اردو نیوز کی ٹیم اس سیشن کی کوریج کے لیے ن لیگ کے سینٹرل سیکریٹریٹ پہنچی تو وہاں کافی تعداد میں نوجوان دفتر کے باہر جمع تھے۔ پارکنگ لاٹ میں گاڑیوں کی خاصی تعداد تھی اور کئی نوجوان وہاں تصویریں بھی بنا رہے تھے۔  سیکریٹریٹ کے باہر بڑی تعداد میں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف) کے بینرز آویزاں کیے گئے تھے۔ اس کے ساتھ ہی شہباز شریف، نواز شریف اور حمزہ شہباز کی تصویریں بھی نمایاں تھیں۔

ہماری ٹیم نے سیکریٹریٹ کے باہر ماحول کا جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ ڈیجیٹل ٹریننگ سیشن کے لیے نہ صرف لاہور سے بلکہ دیگر اضلاع سے بھی لوگ آئے تھے۔ ان نوجوانوں نے بینرز سمیت کئی پوسٹرز بھی ہاتھوں میں تھام رکھے تھے۔

ڈیجیٹل ٹریننگ سیشن کے لیے تین بجے کا وقت دیا گیا تھا تاہم سیشن کا آغاز وقت پر نہ ہو سکا۔

ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہونے والے سیشن کی کوریج کے لیے ہماری ٹیم ان نوجوانوں کے ساتھ داخل ہو ہی رہی تھی کہ اس دوران سکیورٹی گارڈز کی جانب سے ہمیں روکا گیا۔ پہلے انہوں نے بتایا کہ ہم اپنا کیمرہ سٹینڈ اور بیگ اندر نہیں لے جا سکتے تاہم جب ہم نے انہیں اپنا تعارف کرایا تو انہوں نے ہمیں ایک طرف کر کے کہا کہ آپ بھی اندر نہیں جا سکتے۔ گارڈز کے ساتھ ہی کھڑے ایک شخص نے ہمیں دیکھتے ہی کہا ’یہ ہمارے لوگ نہیں۔‘

اس دوران سیشن میں شرکت کے خواہش مند نوجوان اندر داخل ہو رہے تھے۔ ایک نوجوان دروازے پر کھڑا ہو کر سیشن میں شرکت کرنے والوں سے ان کا انتخابی حلقہ پوچھ کر ایک مخصوص فہرست میں دیے گئے انتخابی حلقوں کے سامنے نشان لگا رہا تھا۔

ہم یہ دیکھ رہے تھے کہ انہوں نے ہمیں دوبارہ کہا کہ ’آپ یہاں سے باہر ہو جائیں ہم آپ کو یہاں کوریج کی اجازت نہیں دے سکتے۔‘ جب ہماری ٹیم باہر نکلنے لگی تو اس دوران نوجوانوں کی ایک لمبی قطار لگ چکی تھی۔  

ہم نے باہر نکلتے ہی  ڈسٹرکٹ لاہور یوتھ کوارڈینیٹر حنا پرویز بٹ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سوشل میڈیا کے سربراہ عاطف رؤف کو صورت حال سے آگاہ کیا۔ ان سے بار بار ٹیلی فون پر رابطہ کرنے کی کوشش بھی کی گئی لیکن ان کی جانب سے ہمیں کوئی جواب نہ ملا۔

جب اردو نیوز نے ن لیگ پنجاب کی سیکریٹری اطلاعات اعظمی بخاری  سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا ’ہم اپنا آفس ہر کسی کو نہیں دکھا سکتے۔ ہمیں پارٹی نے سیکریٹریٹ میں میڈیا کوریج کی اجازت نہیں دی۔‘

ذرائع کے مطابق سیشن میں نوجوانوں کو پارٹی بیانیے کو آگے پہنچانے کے لیے ڈیجیٹل میڈیا کے مؤثر استعمال کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ (فوٹو: مسلم لیگ ن)

اردو نیوز کی جانب سے دروازے پر کھڑے نوجوان سے سیشن اور نوجوانوں کی تعداد کے متعلق معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے سختی سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیں کسی قسم کی معلومات نہیں دے سکتے۔

ہم نے لسٹ میں درج حلقوں کے سامنے لگائے گئے نشانات اور وہاں نوجوانوں کی موجودگی سے اندازہ لگایا کہ کم و بیش 150 پارٹی ورکرز اس سیشن میں شرکت کے لیے وہاں آئے تھے۔

سیشن کی سربراہی حنا پرویز بٹ کر رہی تھیں۔ اردو نیوز نے سیشن کے متعلق ان کی رائے جاننے کے لیے ان سے رابطہ کیا تاہم وہ گریزاں نظر آئیں اور ہمیں کوئی جواب نہیں دیا۔

تاہم ذرائع سے معلوم ہوا کہ ’سیشن میں نوجوانوں کو پارٹی بیانیے کو آگے پہنچانے کے لیے ڈیجیٹل میڈیا کے مؤثر استعمال کے بارے میں آگاہ کیا گیا، اور انہیں مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو پارٹی کے حق میں متحرک کرنے کے لیے تحریک دی گئی۔‘

’سیشن کے دوران انٹرنیٹ کی افادیت اور پارٹی کے خلاف جھوٹی خبروں کے تدارک کا طریقہ کار بھی بتایا گیا۔ اس کے علاوہ آنے والی انتخابی مہم میں ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کے کردار پر بھی روشنی ڈالی گئی۔‘

نوجوانوں کیلئے Digital skills کے سیشن کے دوران۔۔۔مسلم لیگ ن نوجوانوں کو ایسا پلیٹ فارم بھی فراہم کر رہی ہے کہ یہ ڈیجیٹل ہنر سیکھ کر گھر بیٹھ کر بھی کام کر سکیں اور روزگار کما سکیں۔۔۔ pic.twitter.com/lbqynVDOnL

— Hina Parvez Butt (@hinaparvezbutt) July 21, 2023

دوسری جانب ٹوئٹر پر حنا پرویز بٹ نے ڈیجیٹل ٹریننگ سیشن کی تصویری جھلکیاں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’نوجوانوں کا کامیابی کے لیے درست ٹولز کا استعمال ان کے لیے خوشی کا باعث ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ہر ڈیجیٹل سکلز سیشن کے ساتھ ن لیگ کی جانب سے نوجوانوں کو ترقی دینے کا عزم بڑھتا جا رہا ہے۔ نوجوانوں کو ڈیجیٹل سکلز فراہم کر کے ایک مضبوط اور ٹیکنالوجی سے لیس پاکستان کی راہیں ہموار ہو رہی ہیں۔‘


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US