فیس بک پر دوستی، انڈین خاتون پاکستانی نوجوان سے ملنے اپر دیر پہنچ گئی

image

فیس بک پر گہری دوستی پڑوسی ملک انڈیا سے شادی شدہ خاتون کو پاکستان کھینچ لائی۔ انجو نامی خاتون 22 جولائی کو صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع اپر دیر پہنچیں جہاں وہ اپنے سوشل میڈیا کے گہرے دوست نصراللہ خان کے گھر بطور مہمان رہ رہی ہیں۔

دیر خاص پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او جاوید خان نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے اردو نیوز کو بتایا کہ انڈیا سے خاتون وزٹ ویزے پر پاکستان آئی جس کو وزارت داخلہ نے اپر دیر کے لیے 30 دن کا این او سی بھی جاری کیا ہے۔ پولیس نے ان کی تمام دستاویزات کی تصدیق کے بعد اپر دیر میں قیام کی اجازت دے دی۔

انہوں نے کہا کہ کلشو گاؤں کا رہائشی نصراللہ پیشے کے لحاظ سے میڈیسن کمپنی میں ملازم ہے۔ انڈین خاتون انجو سے اس کی دوستی ہے، اسی لیے وہ ملاقات کی غرض سے آئی ہیں تاہم شادی سے متعلق ان کو کوئی اطلاع نہیں۔ 

ایس ایچ او جاوید نے مزید بتایا کہ انجو کا تعلق دہلی سے ہے اور کاغذات کے مطابق وہ پہلے سے شادی شدہ بھی ہیں۔

مقامی صحافی نصراللہ کے مطابق انڈین خاتون کا سن کر وہ ان کے گھر گئے مگر ان سے ملاقات نہ ہو سکی۔ گھر والوں کی جانب سے انہیں بتایا گیا کہ نصراللہ خان انڈین مہمان کے ساتھ باہر نکلے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نصراللہ اور انجو کی دوستی کئی سال پرانی ہے کیونکہ اس سے پہلے بھی نوجوان نے ڈپٹی کمشنر سے اجازت کے لیے درخواست دی تھی۔

نصراللہ نے مزید بتایا کہ پورے دیر میں اس وقت نصراللہ خان اور انجو کی شادی سے متعلق باتیں ہو رہی ہیں مگر خاندان کے افراد نے اس بات کی تردید کی۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل پاکستانی خاتون سیما نے انڈیا جا کر انڈین نوجوان سے محبت کی شادی کی تھی۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US