وزیراعظم شہباز شریف نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کردی جائیں گی۔
جمعرات کو اتحادی جماعتوں کے ارکانِ پارلیمنٹ کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ 15 ماہ میں تمام تنقید کے باوجود ریاست کو بچایا۔ آج ہمارا ضمیر مطمئن ہے کہ ہم نے سیاست کی قربانی دے کر ملک کو بھنور سے نکالا۔ مشکل وقت میں حکومت سنبھالی، ہر طرف خطرات تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ چند روز میں ہماری حکومت ختم ہو جائے گی۔ کوشش ہے کہ سب کے لیے قابل قبول نگراں سیٹ اپ تشکیل دیا جائے۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اتحادی حکومت کے تعاون سے ہر مشکل پر قابو پایا۔ آئی ایم ایف سے معاہدہ آسان نہیں تھا، یہ پل صراط بھی عبور کیا۔